لاہور، 24 دسمبر (اے پی پی): صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین کی زیر صدارت سپیشل اکنامک زون اتھارٹی پنجاب (سیزا) کا 11 واں اجلاس پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا، جس میں 10 نکاتی ایجنڈے پر تفصیلی غور کیا گیا۔
اجلاس میں ایم تھری انڈسٹریل سٹی، سمارٹ سپیشل اکنامک زون اور یونائیٹڈ بزنس پارک سپیشل اکنامک زون میں توسیع کی منظوری دی گئی۔ تینوں خصوصی اقتصادی زونز میں توسیع کی تجاویز حتمی منظوری کے لیے سرمایہ کاری بورڈ اسلام آباد کو ارسال کی جائیں گی۔ اجلاس میں ایم تھری انڈسٹریل سٹی میں آیون انرجی کو ایس ای ذی انٹرپرائزز کا درجہ دینے کے معاملے کو سیزا کی ذیلی کمیٹی کے سپرد کر دیا گیا۔
ذیلی کمیٹی معاملے کا ہر پہلو سے جائزہ لے کر اپنی سفارشات اتھارٹی کے سامنے پیش کرے گی۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے اس موقع پر کہا کہ سپیشل اکنامک زونز معاشی ترقی کے انجن ہیں اور ان میں ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے وسیع مواقع موجود ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری پر 10 سال تک انکم ٹیکس کی چھوٹ اور ایک مرتبہ ڈیوٹی فری مشینری کی درآمد کی سہولت دی جاتی ہے، جس کے باعث نئے صنعتی یونٹس تیزی سے قائم ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سپیشل اکنامک زونز میں عالمی معیار کا صنعتی انفراسٹرکچر فراہم کیا گیا ہے جبکہ سرمایہ کاروں کی سہولت کے لیے مختلف بینکوں کی برانچیں بھی قائم کی جا رہی ہیں۔ صنعت کاروں کی بڑھتی ہوئی طلب کے پیش نظر بعض خصوصی اقتصادی زونز میں توسیع ناگزیر ہو چکی ہے۔
چوہدری شافع حسین نے مزید کہا کہ پنجاب میں مؤثر حکمت عملی کے تحت صنعتکاری کے عمل کو تیز کیا گیا ہے، جتنے زیادہ کارخانے لگیں گے اتنے ہی روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پالیسی کے مطابق انڈسٹریل اسٹیٹ میں پلاٹ الاٹمنٹ کے بعد دو سال کے اندر صنعتی یونٹ لگانا لازم ہے، بصورت دیگر پلاٹ منسوخ کر دیا جائے گا۔ اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈی جی پنجاب سرمایہ کاری بورڈ ڈاکٹر سہیل احمد نے بتایا کہ پنجاب میں اس وقت 23 سپیشل اکنامک زونز موجود ہیں، جن میں پیڈمک کے زیر اہتمام 4، فیڈمک کے زیر اہتمام 3 جبکہ وفاق کے زیر اہتمام ایک خصوصی اقتصادی زون شامل ہے۔ اس کے علاوہ نجی شعبے میں 15 سپیشل اکنامک زونز قائم ہیں
اجلاس میں سپیشل سیکرٹری انڈسٹری، ڈی جی پنجاب سرمایہ کاری بورڈ اور سپیشل اکنامک زون اتھارٹی کے دیگر اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔











