اسلام آباد، 26 دسمبر ( اے پی پی): چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت مختلف ڈویلپمنٹ پراجیکٹس کے حوالے سے سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں اہم اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ایک جدید کنونشن سینٹر اور ایکسپو سینٹر کے قیام کے حوالے سے جائزہ لیا گیا۔چیئرمین سی ڈی اے نے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کنونشن اور ایکسپو سینٹر کی تعمیر کیلئے مناسب جگہ کے انتخاب کے حوالے سے تجاویز زیر غور ہیں، بین الاقوامی کانفرنسوں سمیت آئندہ ایس سی او اجلاس کے انعقاد سے قبل اسلام آباد میں اس منصوبے کی تکمیل کو یقینی بنایا جائے۔کنونشن اور ایکسپو سینٹر کے لئے ایسی جگہ کا انتخاب کیا جائے جہاں پبلک کے لئے آنے میں آسانی اور بہتر پارکنگ کی سہولیات میسر آئیں۔
انہوں نے کہا کہ کنونشن سینٹر اور ایکسپو سینٹر کی تعمیر میں بین الاقوامی معیارات کو ملحوظ خاطر رکھا جائے۔یہ منصوبہ شہر کو ایک جدید اور عالمی معیار کا دارالحکومت بنانے کی طرف ایک اہم قدم ہے۔
اجلاس میں اسلام آباد میں میزبانی کی صنعت کو فروغ دینے کے لئے اسلام آباد میں لگثری ھوٹل کی تعمیر کے حوالے سے جائزہ لیا گیا۔انہوں نے کہا کہ کہ ان میگا ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں کوالٹی کے اعلیٰ معیار میں کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔











