کمشنر ملتان عامر کریم خاں کا ایونیو کا دورہ، ترقیاتی منصوبہ جلد مکمل کرنے کی ہدایت

19

ملتان ،29دسمبر( اے پی پی): کمشنر ملتان عامر کریم خاں نے ملتان ایونیو کے ترقیاتی منصوبے کا تفصیلی دورہ کیا اور تعمیراتی کاموں کا معائنہ کیا۔

 اس موقع پر کمشنر ملتان نے ہدایت کی کہ منصوبے کی جلد تکمیل ہر صورت یقینی بنائی جائے جبکہ کام کی رفتار کے ساتھ معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ ملتان ایونیو شہریوں کو جدید، معیاری اور بہترین سفری سہولت فراہم کرے گا اور یہ سڑک مستقبل میں ایک منفرد اور خوبصورت شاہراہ کے طور پر ابھرے گی۔ انہوں نے سڑک کی تعمیر شاندار معیار اور جدید تقاضوں کے مطابق کرنے پر زور دیا۔

کمشنر ملتان نے بتایا کہ منصوبے میں گرین کوریڈورز، پارکنگ ، بچوں کے لیے خصوصی پوائنٹس اور مینگو آرچرڈ شامل کیے جا رہے ہیں تاکہ شہریوں کو محفوظ، صاف اور سرسبز ماحول فراہم کیا جا سکے، جو ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔

دورے کے دوران کمشنر ملتان نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ باہمی رابطے کے ذریعے روزانہ کی بنیاد پر پیش رفت رپورٹ پیش کی جائے۔ اس موقع پر ایس ای ہائی ویز غلام نبی اور ایکسین حیدر علی بھی ان کے ہمراہ تھے۔