اسلام آباد، 28 دسمبر ( اے پی پی): چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے رات گئے شاہین چوک انڈر پاس منصوبے کا دورہ کیا جہاں انہوں نے منصوبے پر جاری تعمیراتی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا اور مختلف سیکشنز کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر متعلقہ افسران نے چیئرمین سی ڈی اے کو منصوبے پر ہونے والی اب تک کی پیشرفت کے بارے میں بریفنگ دی۔
بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ شاہین چوک انڈر پاس منصوبے کا ترقیاتی کام کامیابی کے ساتھ مقررہ مدت سے قبل اپنے تکمیلی مراحل میں داخل ہو چکا ہے اور مجموعی طور پر منصوبے کا 95 فیصد سے زائد ترقیاتی کام مکمل کر لیا گیا ہے۔ منصوبے کے انڈر پاس کا اسٹرکچرل ورک مکمل ہو چکا ہے جبکہ فنشنگ کا کام تیزی سے جاری ہے۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ منصوبے کو خوبصورت بنانے کے لیے اس کے اطراف دیدہ زیب لینڈ اسکیپنگ اور ہارٹیکلچر کا کام تیزی سے جاری ہے جبکہ مستقل بنیادوں پر خوبصورت لائٹس بھی نصب کی جا رہی ہیں۔
چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے منصوبے کے ترقیاتی کاموں کی پیشرفت اور اعلیٰ معیار پر اظہار اطمینان کیا اور کہا کہ ترقیاتی کاموں کی برق رفتار تکمیل کے ساتھ اعلیٰ معیار کو یقینی بنایا گیا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ منصوبے کے افتتاح سے قبل بیوٹیفکیشن سے متعلق تمام کاموں کو جلد پایۂ تکمیل تک پہنچایا جائے۔
چیئرمین سی ڈی اے کے مطابق شاہین چوک انڈر پاس منصوبے سے ملحقہ تعلیمی اداروں کے طلباء اور روزمرہ کے مسافروں کو سگنل فری سفری سہولیات میسر ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کی تکمیل سے شہریوں کو وقت اور ایندھن کی بچت ہوگی جبکہ اسلام آباد شہر میں ٹریفک کے دباؤ میں کمی آئے گی اور شہریوں کو بہترین سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں گی۔
محمد علی رندھاوا نے کہا کہ اسلام آباد کے شہریوں کو بہترین سفری سہولیات کی فراہمی اور انفراسٹرکچر کی جدت و ترقی سی ڈی اے کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔











