ملتان ،29دسمبر (اے پی پی) ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق کی صدارت میں ضلعی انتظامیہ کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں شہر کی بیوٹیفیکیشن، انفراسٹرکچر کی بہتری اور جاری و مجوزہ ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی بریفننگ دی گئی۔
اجلاس میں واسا اور روڈز ڈیپارٹمنٹ کی جاری اور آئندہ سکیموں کا جامع جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے واضح ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ شہر کی خوبصورتی بڑھانے اور عوامی سہولیات فراہم کرنے والے تمام منصوبے مقررہ مدت میں ہر صورت مکمل کیے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں کسی قسم کی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔محمد نعمان صدیق نے واسا اور روڈز ڈیپارٹمنٹ کو ہدایت کی کہ زیرِ تکمیل سکیموں کو جلد از جلد مکمل کر کے شہریوں کو ریلیف فراہم کیا جائے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہری سہولیات کی بہتری اور انفراسٹرکچر کی مضبوطی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور اس ضمن میں تمام محکمے باہمی تعاون سے کام کریں گے۔
اجلاس میں متعلقہ افسران نے منصوبوں کی پیش رفت سے آگاہ کیا جبکہ ڈپٹی کمشنر نے کارکردگی مزید بہتر بنانے اور فیلڈ میں مؤثر مانیٹرنگ یقینی بنانے پر زور دیا۔











