اسلام آباد، 29 دسمبر (اے پی پی): وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے جیکب آباد ریلوے اسٹیشن پر نابینا قلی کی وائرل ویڈیو کا نوٹس لیتے ہوئے متاثرہ قلی اکبر علی جمالی کی اپیل منظور کر لی ہے۔
وفاقی وزیر نے اکبر علی جمالی کے بیٹے کو پاکستان ریلوے میں ملازمت دینے کا اعلان کیا ہے۔
اکبر علی جمالی برسوں سے اپنی کمسن بیٹی کے سہارے مسافروں کا سامان اٹھاتے رہے ہیں۔ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد وفاقی وزیر ریلوے نے معاملے پر فوری کارروائی کی اور اکبر علی جمالی سے وزارت میں ملاقات کرنے کا بھی اعلان کیا۔
وفاقی وزیر ریلوے نے نابینا قلی کے ممکنہ علاج کے لیے اپنی جیب سے مالی معاونت فراہم کرنے کا بھی اعلان کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ریاست محنت کش کے ساتھ کھڑی ہے اور مزدوروں کی فلاح و بہبود کے لیے مزید اقدامات کیے جائیں گے۔











