کوئٹہ،29 دسمبر(اے پی پی): سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس پی )صدر کوئٹہ سید طلال احمد شاہ نے کہا ہے کہ کوئٹہ شہر میں موٹرسائیکل چھیننے کی وارداتوں میں حالیہ اضافے کے پیش نظر پولیس نے موثر اور منظم کارروائیاں کرتے ہوئے 7 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ 12 مسروقہ موٹرسائیکلیں اور 14 موٹرسائیکلوں کے فریم بھی برآمد کر لیے گئے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پولیس آفیسران عبدالحئی گرانی، عادل شاہ اور دیگر کے ہمراہ ائیرپورٹ روڈ تھانے میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ایس پی صدر نے بتایا کہ ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی)پولیس کوئٹہ عمران شوکت کی خصوصی ہدایات پر اور ایس ایس پی آپریشنز آصف خان کی نگرانی میں خصوصی پولیس ٹیمیں تشکیل دی گئیں، جنہوں نے شہر کے مختلف علاقوں میں موٹر سائیکل چھیننے میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں کیں اور ان کا گھیرا تنگ کیا۔سید طلال احمد شاہ کے مطابق پولیس نے مختلف چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران موٹرسائیکل چھیننے والے ملزمان کو گرفتار کیا اور ان کے قبضے سے بڑی تعداد میں مسروقہ موٹرسائیکلیں اور ان کے فریم برآمد کیے۔ برآمد شدہ موٹرسائیکلیں اصل مالکان کے حوالے کرنے کا عمل بھی جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے جس کے دوران مزید انکشافات اور دیگر سہولت کاروں کی گرفتاری متوقع ہے۔ ایس پی صدر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کیلئے پولیس کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائی جاری رہے گی۔











