کمشنر ملتان عامر کریم خاں کا من و سلویٰ پوائنٹ کا افتتاح، مستحق افراد کو روزانہ دو وقت باعزت مفت کھانے کی سہولت

14

ملتان،29دسمبر(اےپی پی): کمشنر ملتان عامر کریم خان نے انسانیت، خدمتِ خلق اور سماجی ذمے داری کی عملی مثال قائم کرتے ہوئے من و سلویٰ پوائنٹ کا باضابطہ افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر ملتان نے کہا کہ ریاست اور معاشرے کی مشترکہ ذمے داری ہے کہ وہ مستحق، نادار اور کمزور طبقات کو بنیادی سہولیات باعزت انداز میں فراہم کریں، اور من و سلویٰ پوائنٹ اسی سوچ کا عملی اظہار ہے۔کمشنر ملتان نے بتایا کہ من و سلویٰ پوائنٹ پر مستحق افراد کو روزانہ دو وقت معیاری، صاف ستھرا اور باعزت مفت کھانا فراہم کیا جا رہا ہے تاکہ کوئی بھی ضرورت مند فرد بھوک کا شکار نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کا بنیادی مقصد صرف کھانا فراہم کرنا نہیں بلکہ مستحق افراد کے وقار کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے انہیں عزت اور احترام کے ساتھ سہولت دینا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ من و سلویٰ پوائنٹ ملتان شہر کا چوتھا کامیاب فری فوڈ پوائنٹ ہے، اس سے قبل واپڈا ٹاؤن، گلگشت اور انڈسٹریل اسٹیٹ میں قائم فری فوڈ پوائنٹس کامیابی سے فعال ہیں، جہاں روزانہ ایک وقت میں ہزار سے زائد افراد مفت کھانے سے مستفید ہو رہے ہیں۔ ان فوڈ پوائنٹس کی کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ معاشرے میں خدمتِ خلق کے جذبے کو بھرپور پذیرائی حاصل ہو رہی ہے۔کمشنر ملتان عامر کریم خان نے کہا کہ من و سلویٰ پوائنٹ جیسے منصوبے معاشرتی ہم آہنگی، بھائی چارے اور باہمی تعاون کو فروغ دیتے ہیں۔ یہ منصوبہ خدمت، وقار اور سماجی ذمے داری کی روشن مثال ہے، جس میں انتظامیہ اور مخیر حضرات مل کر معاشرے کے ضرورت مند افراد کی مدد کر رہے ہیں۔انہوں نے مخیر حضرات، سماجی تنظیموں اور صاحبِ حیثیت افراد سے اپیل کی کہ وہ آگے بڑھیں اور اس نیک مشن کا حصہ بنیں تاکہ اس دائرہ کار کو مزید وسیع کیا جا سکے اور زیادہ سے زیادہ مستحق افراد تک یہ سہولت پہنچائی جا سکے۔ کمشنر ملتان نے یقین دہانی کرائی کہ ضلعی انتظامیہ عوامی فلاح و بہبود کے ایسے منصوبوں کی ہر ممکن حوصلہ افزائی اور سرپرستی جاری رکھے گی۔تقریب کے اختتام پر کمشنر ملتان نے من و سلویٰ پوائنٹ کے انتظامات کا بھی جائزہ لیا اور کھانے کے معیار، صفائی ستھرائی اور مجموعی نظم و نسق پر اطمینان کا اظہار کیا۔