لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام فیز ٹو پر تیز رفتار عملدرآمد، پسماندہ علاقوں کی تقدیر بدلنے کا عزم

12

لاہور، 28 دسمبر (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت پسماندہ علاقوں کی محرومیوں کے خاتمے کیلئے لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام (ایل ڈی پی) فیز ٹو پر تیزی سے عملدرآمد جاری ہے۔ اسی سلسلے میں ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا کی صدارت میں ایل ڈی پی کے جائزہ اجلاس کا انعقاد ہوا، جس میں اسسٹنٹ کمشنرز، زونل آفیسرز، نیسپاک اور واسا کے حکام نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران ڈپٹی کمشنر لاہور کو لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام فیز ٹو کی پیشرفت پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بتایا گیا کہ نشتر، راوی، داتا گنج بخش، سمن آباد، گلبرگ، شالیمار، علامہ اقبال، واہگہ اور عزیز بھٹی زونز میں کچی اور خستہ حال گلیوں کی بہتری کیلئے ترقیاتی کام جاری ہیں۔ پروگرام کے تحت سیوریج، سٹریٹ لائٹس اور پی سی سی کے منصوبوں پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ ایم سی ایل کی جانب سے ایل ڈی پی فیز ٹو کی مجموعی طور پر 3079 سکیموں پر کام جاری ہے، جن میں نشتر زون میں 1483 جبکہ راوی زون میں 580 سٹریٹ لائٹس نصب کی جا چکی ہیں۔ ڈپٹی کمشنر لاہور نے افسران کو ہدایت کی کہ ترقیاتی کاموں کی کوالٹی اور رفتار کی روزانہ بنیادوں پر مانیٹرنگ کی جائے اور فیز ٹو کی بروقت تکمیل کیلئے کام کی رفتار مزید تیز کی جائے۔

ڈپٹی کمشنر نے سیوریج اور ڈرینج کے مسائل فوری حل کرنے، سٹریٹ لائٹس کی تنصیب و بحالی کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کیلئے تعمیراتی ملبہ بروقت ٹھکانے لگانے کی ہدایت بھی کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ تمام زونز میں ترقیاتی کاموں کی تکمیل کیلئے مقررہ ڈیڈ لائن پر سختی سے عمل کیا جائے اور کوالٹی پر کسی قسم کا سمجھوتہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ناقص مٹیریل استعمال کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا نے کہا کہ ترقیاتی کاموں کی تکمیل سے شہریوں کا معیارِ زندگی بلند ہوگا۔ فیز ون کی 100 فیصد تکمیل انتظامیہ کی کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو صاف پانی، بہتر سیوریج اور روشن گلیاں فراہم کی جا رہی ہیں اور تمام ترقیاتی سکیموں میں شفافیت اور اعلیٰ معیار کو ہر صورت یقینی بنایا جا رہا ہے۔