چیف ٹریفک آفیسر ملتان محمد کاشف اسلم صاحب کا نئے سال کی آمد  کے حوالے سے خصوصی پیغام

55

ملتان،30 دسمبر(اے پی پی): چیف ٹریفک آفیسر ملتان نے نئے سال 2026 کے آغاز پر ملتان کے عوام اور تمام اہلِ پاکستان کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سال 2025 کا اختتام خوش اسلوبی سے ہوا اور عالمی سطح پر پاکستان کو عزت و وقار حاصل ہوا جو پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔

چیف ٹریفک آفیسر نے کہا کہ ملک کو درپیش سیکیورٹی چیلنجز کے باوجود پاکستان کی سیکیورٹی فورسز بالخصوص پولیس اور ٹریفک پولیس عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے دن رات محنت کر رہی ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ سیکیورٹی اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں اور قوانین کی پاسداری کو یقینی بنائیں۔

انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سال 2025 کے دوران ٹریفک حادثات میں قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع ہوا، جو اکثر معمولی لاپرواہی کا نتیجہ ہوتا ہے۔ ایک لمحے کی کوتاہی پورے خاندان کے لیے عمر بھر کا دکھ بن سکتی ہے۔

چیف ٹریفک آفیسر نے عوام سے گزارش کی کہ نئے سال کو ذمہ داری اور احتیاط کے ساتھ منائیں، ٹریفک قوانین پر مکمل عمل کریں تاکہ حادثات میں کمی لائی جا سکے اور ہمارے بزرگ، بہن بھائی اور دیگر شہری محفوظ طریقے سے اپنے گھروں کو لوٹ سکیں اور اپنے اہلِ خانہ کے ساتھ خوشیاں منا سکیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ عوام ایک دوسرے کا خیال رکھیں، اپنے اردگرد کے لوگوں کی حفاظت کو یقینی بنائیں اور سیکیورٹی سے متعلق معلومات متعلقہ اداروں کے ساتھ شیئر کریں تاکہ پاکستان کو امن و سلامتی کا گہوارہ بنایا جا سکے۔

آخر میں انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کا حامی و ناصر ہو۔