چوہدری شافع حسین، چائنیز قونصل جنرل ژاؤ شیرن اور چیئرمین یونائے گروپ مسٹر ہوآنگ ویگو نے چیلنج سپیشل اکنامک زون اور ٹیکسٹائل سیکٹر کی 2 نئی فیکٹریوں کا افتتاح کیا

10

لاہور،30دسمبر:( اے پی پی ) صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین، چائنیز قونصل جنرل ژاؤ شیرن اور چیئرمین یونائے گروپ مسٹر ہوآنگ ویگو نے چیلنج سپیشل اکنامک زون اور ٹیکسٹائل سیکٹر کی 2 نئی فیکٹریوں کا افتتاح کیا۔افتتاحی تقریب پیسک ہاؤس ڈیوس روڈ پر منعقد ہوئی جس میں۔سیکرٹری انڈسٹریز عمر مسعود،چیلنج اپیرل گروپ کی ٹیم اور دیگر سرمایہ کار بھی  میں موجود تھے۔

صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ چین کا چیلنج اپیرل گروپ اپنے سپیشل اکنامک زون میں 2 مزید فیکٹریاں لگا رہا ہے۔2 نئی فیکٹریاں لگنے سے مقامی لوگوں کیلئے روزگار کے 25 ہزار مواقع پیدا ہوں گے۔گروپ نے مشینری منگوانے کا آرڈر دے رکھا ہے،دونوں فیکٹریاں ایک سال کے اندر پیدا وار شروع کردیں گی۔ ایک فیکٹری میں ایسا کپڑا تیار ہوگا جو پہلے پاکستان میں کہیں نہیں بن رہا۔چوہدری شافع حسین نے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اس گروپ سے پہلے ہی مل چکی ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کی کاوشوں سے ہی یہ گروپ پنجاب میں 2 مزید فیکٹریاں لگا رہا ہے۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت نے کہاکہ قائد اعظم بزنس پارک شیخوپورہ میں 10نئی فیکٹریوں کی تعمیر شروع ہوچکی ہے۔پنجاب میں الیکٹرک گاڑیوں کی ایسمبلنگ بھی شروع ہوچکی ہے۔فارماسیوٹیکل سیکٹر کے فروغ کیلئے 200ایکڑ رقبے پر فارما سیوٹیکل ویلی بنا رہے ہیں۔قائد اعظم بزنس پارک شیخوپورہ میں گارمنٹ سٹی بن چکا ہے۔چوہدری شافع حسین نے کہاکہ چائنیز قونصل جنرل ژاؤ شیرن پنجاب میں چین کی مزید سرمایہ کاری لانے میں بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔امید ہے وہ گارمنٹ سٹی میں چین کی ٹیکسٹائل انڈسٹری کی منتقلی میں اپنا بھرپور  کردار ادا کریں گے۔غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ میں کمیونٹی سینٹر بن رہا ہے۔بزنس فسیلیٹیشن سینٹرز میں سرمایہ کاروں کو ایک ہی چھت تلے تمام ضروری سہولیات فراہم کی جارہی ہیں،بزنس فسیلیٹیشن سینٹرز کا دائرہ کار وسیع کیا جارہا ہے۔صوبائی وزیر نے کہاکہ حکومت کا پنجاب میں انڈسٹری کے فروغ پر فوکس ہے،جتنی انڈسٹری لگے گی اتنا ہی روز گار بڑھے گا۔

چائنیز قونصل جنرل ژاؤ شیرن نے کہاکہ پنجاب کی معاشی ترقی کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور صوبائی وزیر چوہدری شافع حسین پر عزم ہیں۔انڈسٹرییلائزیشن اور پنجاب میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے حکومت کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے۔چائینیز قونصل جنرل نے پنجاب میں ٹیکسٹائل سیکٹر کی 2 نئی فیکٹریاں لگنے پر پنجاب حکومت اور چیلنج گروپ کو مبارکباد دی۔

چیئرمین گروپ مسٹر ہوآنگ ویگو نے کہاکہ چین کے قونصل جنرل ژاؤ شیرن پنجاب میں نئی سرمایہ کاری لانے کیلئے پر عزم ہیں۔وزیر اعلیٰ پنجاب سے ملاقات کے دوران ٹیکسٹائل سیکٹر کی 2 نئی فیکٹریاں لگانے کا طے ہوا تھا،ہمارا گروپ پنجاب میں مزید کارخانے بھی لگائے گا اور مقامی لوگوں کو تربیت بھی فراہم کرے گا۔