حکومت پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے درمیان 304.5 ملین ڈالر کے کلائمیٹ ریزیلینس منصوبوں پر معاہدے

19

اسلام آباد، 30 دسمبر (اے پی پی ): حکومت پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کے درمیان مجموعی طور پر 304.5 ملین ڈالر کے دو اہم منصوبوں پر آج دستخط ہوئے، جن کا مقصد ملک میں موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے اور زرعی شعبے میں ماحولیاتی لچک کو فروغ دینا ہے۔ ان منصوبوں میں سندھ کوسٹل ریزیلینس سیکٹر پراجیکٹ شامل ہے، جس کی مالیت 180.5 ملین ڈالر ہے، اور پنجاب کلائمیٹ ریزیلینٹ اور زرعی میکانائزیشن پراجیکٹ، جس کی مالیت 124 ملین ڈالر ہے۔

معاہدوں پر سیکرٹری اقتصادی امور، محمد حمیر کریم اور ایشیائی ترقیاتی بینک کی کنٹری ڈائریکٹر ایمافان نے دستخط کیے، جبکہ سندھ اور پنجاب حکومتوں کے نمائندے بھی اپنے متعلقہ منصوبوں کی جانب سے موجود تھے۔ سندھ کوسٹل ریزیلینس پراجیکٹ کے لیے ایشیائی ترقیاتی بینک 140 ملین ڈالر قرض اور 0.5 ملین ڈالر کی تکنیکی گرانٹ فراہم کرے گا۔ یہ منصوبہ ٹھٹہ، سجاول اور بدین کے اضلاع میں رہنے والی ساحلی آبادیوں کو موسمیاتی تبدیلیوں کے خطرات سے محفوظ رکھنے اور ماحولیاتی تحفظ میں مدد فراہم کرے گا۔

پنجاب کلائمیٹ ریزیلینٹ اور زرعی میکانائزیشن پراجیکٹ پنجاب کے 30 اضلاع میں زرعی پیداوار اور ماحولیاتی لچک کو بڑھانے پر مرکوز ہے۔ اس منصوبے کے لیے ایشیائی ترقیاتی بینک 120 ملین ڈالر قرض اور 4 ملین ڈالر گرانٹ فراہم کرے گا، جبکہ پنجاب حکومت کی جانب سے 5 ملین ڈالر تعاون کیا جائے گا۔ منصوبے کے تحت چھوٹے کاشتکاروں کو جدید کلائمیٹ اسمارٹ زرعی مشینری تک بہتر رسائی فراہم کی جائے گی۔

ایشیا ترقیاتی بینک کی کنٹری ڈائریکٹر ایمافان نے کہا کہ سندھ کوسٹل ریزیلینس پراجیکٹ ساحلی آبادیوں کے تحفظ اور ماحولیاتی خطرات سے نمٹنے میں ایک کلیدی قدم ہے، جبکہ پنجاب زرعی میکانائزیشن پراجیکٹ زرعی شعبے کی جدید کاری اور ماحولیاتی اثرات میں کمی کے لیے نہایت اہم اقدام ہے۔