مسلم لیگ کا یومِ تاسیس ہماری سیاسی تاریخ اور قومی جدوجہد کی ایک اہم علامت ہے، وفاقی وزیر احسن اقبال

10

اسلام آباد،30دسمبر(اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات اور سیکرٹری جنرل مسلم لیگ (ن) احسن اقبال نے مسلم لیگ کے 119ویں یومِ تاسیس کی تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں رکنِ قومی اسمبلی ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، انجم عقیل، راجہ خرم نواز سمیت پارٹی رہنماؤں اور کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ مسلم لیگ کا یومِ تاسیس ہماری سیاسی تاریخ اور قومی جدوجہد کی ایک اہم علامت ہے۔ انہوں نے مسلم لیگ (ن) کے 119ویں یومِ تاسیس پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اس جماعت کی بنیاد نظریے، مقصد اور قومی شعور پر رکھی گئی تھی۔

انہوں نے کہا کہ برصغیر میں مسلمانوں کو مشکلات کا سامنا تھا، ایسے حالات میں علامہ محمد اقبال نے اپنے فکر و فلسفے کے ذریعے مسلمانوں کو ایک واضح سمت دی اور خودی کا شعور اجاگر کیا۔ ان کے مطابق علامہ اقبال نے قائداعظم محمد علی جناح کو مسلمانوں کی آزادی کی جدوجہد میں قیادت کا کردار ادا کرنے کی ترغیب دی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح نے آئین، قانون اور جمہوری جدوجہد کے ذریعے پاکستان حاصل کیا اور بیماری کے باوجود آزادی کی تحریک میں بھرپور کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک نظریاتی ریاست کے طور پر وجود میں آیا، جس کی بنیاد اعلیٰ اخلاقی اقدار پر رکھی گئی۔

احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کو مختلف ادوار میں اندرونی و بیرونی چیلنجز کا سامنا رہا ہے، تاہم مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ ملک کو ترقی اور استحکام کی راہ پر گامزن کرنے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ آج دنیا میں ٹیکنالوجی اور علم کے میدان میں تیز رفتار تبدیلیاں آ رہی ہیں اور ضرورت اس بات کی ہے کہ امتِ مسلمہ بھی علم و تحقیق میں آگے بڑھے۔

انہوں نے کہا کہ قرآن ہمیں غور و فکر اور علم حاصل کرنے کی تلقین کرتا ہے، اسی سوچ کے تحت وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں ’’اُڑان پاکستان‘‘ پروگرام کے ذریعے ملک کی تعمیرِ نو کا عمل جاری ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کو ترقی کی نئی منازل تک لے جانے کے لیے قومی اتحاد، محنت اور نظم و ضبط کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ مثبت سوچ کے ساتھ ترقیاتی منصوبوں کو فروغ دیا ہے اور مستقبل میں بھی ملک کی معاشی مضبوطی کے لیے کام جاری رکھا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تمام مذاہب اور طبقات کے لوگ ملک کی سلامتی اور ترقی کے لیے متحد ہیں۔ احسن اقبال نے پارٹی کارکنان کی جدوجہد اور وابستگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ کارکنان نے مشکل حالات میں بھی جماعت کے ساتھ وابستگی برقرار رکھی۔

آخر میں انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر دنیا میں اپنا مثبت کردار ادا کر رہا ہے اور امید ہے کہ مستقبل میں ملک دفاع کے ساتھ ساتھ معاشی میدان میں بھی نمایاں کامیابیاں حاصل کرے گا۔