وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی کا نیشنل پولیس فاؤنڈیشن کا دورہ، پولیس ملازمین کی فلاح و بہبود کے لیے اہم اعلانات

22

اسلام آباد،31 دسمبر(اے پی پی): وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے نیشنل پولیس فاؤنڈیشن  کا دورہ کیا اور اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں نیشنل پولیس فاؤنڈیشن کے تمام ڈائریکٹرز، ڈپٹی ڈائریکٹرز اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے پولیس ملازمین کی فلاح و بہبود کے لیے اہم اعلانات کیے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل پولیس اکیڈمی میں زیرِ تربیت اے ایس پیز کو ہر سال آسان/کم اقساط پر پلاٹس فراہم کیے جائیں گے۔انہوں نے اعلان کیا کہ پاکستان بھر سے ہر سال 10 انسپکٹرز، سب انسپکٹرز اور اے ایس آئیز کو سکالرشپ پر پولیس سے متعلق کورسز کے لیے بیرونِ ملک بھجوانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔15 کانسٹیبلز کے بیٹے یا بیٹی جو پاکستان کی بہترین جامعات میں داخلہ حاصل کریں، اُن کے تعلیمی اخراجات نیشنل پولیس فاؤنڈیشن برداشت کرے گی۔ہرسال 5 ایس پی/ایس ایس پی رینک افسران کو اے آئی میں ڈگری کے لیے سکالرشپ پر بیرونِ ملک بھجوانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

وفاقی وزیرِ داخلہ نے نیشنل پولیس فاؤنڈیشن کے وسائل میں مزید اضافے کے لیے جامع پلان طلب کر لیا۔ انہوں نے ادارے کو خسارے سے نکال کر سرپلس میں لانے پر پوری ٹیم کی کارکردگی کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ نیشنل پولیس فاؤنڈیشن کو پولیس ملازمین کی فلاح و بہبود کے لیے ایک انتہائی فعال اور متحرک ادارہ بنانا ہے۔