اسلام آباد، 31 دسمبر (اے پی پی ): وفاقی وزیر برائے تخفیفِ غربت و سماجی تحفظ سید عمران احمد شاہ نے کہا ہے کہ حکومت مستحق اور نادار طبقات کو صحت اور سماجی تحفظ کی بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے، تاکہ ضرورت مند افراد کو بروقت اور باوقار معاونت میسر آ سکے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بیت المال کے فلاحی پروگرام حکومت کے سماجی تحفظ کے وژن کا اہم حصہ ہیں۔
آج بروز بدھ پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے بتایا کہ موجودہ مالی سال کے دوران اب تک پمز میں 1000 سے زائد مریضوں کو پاکستان بیت المال کے تحت طبی و مالی معاونت فراہم کی جا چکی ہے، جو حکومت کے مؤثر سماجی تحفظ کے نظام کی عکاسی کرتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ رواں مالی سال کے لیے پاکستان بیت المال کے بجٹ میں اضافہ کرتے ہوئے اسے 10 ارب روپے سے بڑھا کر 14 ارب روپے کر دیا گیا ہے، جس سے فلاحی پروگراموں اور طبی امداد کے دائرہ کار کو مزید وسعت دی جا رہی ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ اسی نوعیت کے جائزہ دورے ملک بھر کے ہسپتالوں اور تعلیمی اداروں میں جاری رکھے جائیں گے تاکہ مالی معاونت اور اسکالرشپس سے متعلق مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف کی قیادت میں موجودہ حکومت سماجی تحفظ اور صحتِ عامہ کے نظام کو مضبوط بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔ وفاقی وزیر نے صحت کے شعبے میں وفاقی وزیرِ صحت مصطفیٰ کمال کی قیادت میں ہسپتالوں کی سہولیات میں بہتری، علاج تک رسائی میں اضافے اور نظامِ صحت میں اصلاحات کے اقدامات کو بھی قابلِ تحسین قرار دیا۔











