وفاقی وزیر  قیصر احمد شیخ سے ایپنک کے وفد کی ملاقات

51

اسلام آباد، 31 دسمبر (اے پی پی): وفاقی وزیر برائے بورڈ آف انویسٹمنٹ قیصر احمد شیخ سے آل پاکستان نیوز پیپرز اینڈ الیکٹرانک میڈیا ایمپلائیز کنفیڈریشن کے اعلیٰ سطحی وفد نے بدھ کو یہاں ملاقات کی، جس میں پاکستان کے سرمایہ کاری ماحول، معاشی ترقی، ریگولیٹری اصلاحات اور ذرائع ابلاغ کے عالمی سطح پر ملک کا مثبت تشخص اجاگر کرنے میں کردار پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ بورڈ آف انویسٹمنٹ  کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ملاقات کے آغاز پر ایپنک  کے چیئرمین نے  وفد کے تمام ارکان کا تعارف کرایا۔ وفد نے وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ کے وسیع کاروباری اور پارلیمانی تجربے کی تعریف کی اور ملک کی اقتصادی و سرمایہ کاری کی صورتحال میں ان کی بصیرت کو بھی سراہا۔وفد نے موجودہ معاشی و سرمایہ کاری صورتحال، حکومتی پالیسیوں اور سرمایہ کاروں کے سامنے موجود مواقع کے بارے میں سوالات کئے۔ وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ نے کہا کہ پاکستان سرمایہ کاری دوست ماحول فراہم کر رہا ہے، جس سے ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کو مستحکم مواقع میسر آ رہے ہیں۔وفاقی وزیر نے ریگولیٹری اصلاحات، سرمایہ کاری میں آسانیاں اور سرمایہ کاروں کے مسائل کے حل کے لیے حکومتی اقدامات پر مفصل بریفنگ دی۔ انہوں نے اسپیشل اکنامک زونز اور بزنس فسیلیٹیشن سینٹر ون ونڈو آپریشن جیسے اہم اقدامات کا ذکر کیا جو سرمایہ کاری کے عمل کو مزید تیز اور آسان بناتے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ستمبر 2025 میں 400 سے زائد پاکستانی کمپنیاں چین میں B2B کانفرنس میں شریک ہوئیں، جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستان کے نجی شعبے کو تجارتی اور سرمایہ کاری کے مواقع میں گہری دلچسپی ہے۔وفد نے میڈیا ورکرز کے حقوق اور فلاح و بہبود سے متعلق تجاویز پیش کیں جن میں صحافی اور میڈیا ورکرز بل، کم از کم اجرت کے نفاذ اور ملازمت کے تحفظ جیسے معاملات شامل تھے۔ وفاقی وزیر نے ان امور کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ مستحکم میڈیا ورک فورس ایک مضبوط جمہوری معاشرے کے لیے ضروری ہے۔قیصر احمد شیخ نے ذرائع ابلاغ کو پاکستان کے’’سافٹ ایمبیسیڈرز‘‘  قرار دیتے ہوئے کہا کہ میڈیا ملک کی ترقی، کامیابیوں اور سرمایہ کاری کے مواقع کو عالمی سطح پر بہتر انداز میں پیش کرنے میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ نے کہا کہ سیاسی و معاشی استحکام ملک کی ترقی اور سرمایہ کار اعتماد کے لیے ناگزیر ہے اور اسے برقرار رکھنے میں حکومت، نجی شعبے اور سول سوسائٹی کی مشترکہ کوششیں ضروری ہیں۔ملاقات کے اختتام پر  قیصر احمد شیخ نے یقین دلایا کہ بورڈ آف انویسٹمنٹ سرمایہ کاروں کو مکمل رہنمائی اور معاونت فراہم کرنے کے اپنے عزم پر قائم ہے اور پاکستان کو ایک مضبوط، فعال اور عالمی سطح پر مسابقتی سرمایہ کاری منزل بنانے کے لیے بھرپور اقدامات جاری رکھے گا۔