جموں و کشمیر لبریشن سیل کے زیر اہتمام یوم حق خودارادیت کے موقع پر سیمینار

16

اسلام آباد۔5جنوری  (اے پی پی):جموں و کشمیر لبریشن سیل کے زیر اہتمام یوم حق خودارادیت کے موقع پر جموں کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔

سیمینار کے مہمان خصوصی سینئر وزیر میاں عبد الوحید تھے ۔سیمینار میں آزاد کشمیر کے  سابق صدر و وزیراعظم سردار محمد یعقوب خان ،سابق صدر سردار مسعود خان ،سابق وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان ،سابق وزیراعظم سردار محمد عتیق خان، حریت رہنماؤں سمیت سیاسی و سماجی رہنمائوں اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

سیمینار سے خطاب کرتے  سینئر وزیر میاں عبد الوحید نے کہا کہ پانچ جنوری یوم حق خودارادیت کا دن ہے، یوم حق خودارادیت کی قرارداد وہ واحد دستاویز ہے جس کو لے کر ہم اقوام عالم کے سامنے مسئلہ کشمیر اجاگر کر سکتے ہیں اور پیش بھی کر سکتے ہیں.

سابق صدر و وزیراعظم سردار محمد یعقوب خان نے کہا کہ آج کا دن مسئلہ کشمیر کے حوالے سے انتہائی اہمیت کا حامل ہے اقوام متحدہ کو چاہیے کہ وہ اپنی اس قرارداد پر عمل درآمد کروائے۔انہوں نے کہا کہ ہم سب کو مل کر تحریک آزادی کو اجاگر کرنا ہو گا۔

سابق وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ آج کا دن کشمیریوں کے لئے انتہائی اہمیت کی حامل ہے، اقوام متحدہ کو چاہیے کہ وہ اپنی اس قرارداد پر عملدرآمد کروائے ،پاکستان کے پاس ابھی سلامتی کونسل کے غیر مستقل رکن کے طور پر ایک سال ہے، اسے بھرپور انداز میں استعمال کر کے ہم مسئلہ کشمیر کو بھرپور انداز میں اجاگر کر سکتے ہیں۔

سابق صدر آزادکشمیر سردار مسعود خان نے کہا کہ سوشل میڈیا نے سیاسی اپروچ کو تبدیل کر دیا ہے ،کشمیریوں کا حق خودارادیت انکا بنیادی حق ہے ،اقوام متحدہ کو چاہیے کہ وہ اپنی اس قرارداد پر عملدرآمد کروائے۔