وفاقی وزیر بحری امور  کا نئے کنٹینر جہاز کی اسٹیل کٹنگ تقریب سے خطاب

13

اسلام آباد، 06 جنوری (اے پی پی): وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن کے لیے 1100 ٹی ای یو کنٹینر شپ کی تعمیر کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے جو قومی بحری شعبے کے لیے ایک اہم سنگِ میل ہے۔

وفاقی وزیر ان خیالات کا اظہار کراچی شپ یارڈ میں نئے قومی کنٹینر جہاز کی اسٹیل کٹنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئےکیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ کنٹینر شپ مکمل طور پر ملکی وسائل سے تیار کیا جائے گا جس سے غیر ملکی شپنگ پر انحصار میں کمی آئے گی اور قیمتی زرمبادلہ کی بچت ممکن ہو سکے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ نئے جہاز کی شمولیت سے پی این ایس سی کے بیڑے کی صلاحیت میں اضافہ ہوگا اور قومی بحری بیڑے کی توسیع سپلائی چین کو مزید مضبوط بنائے گی۔

جنید انوار چوہدری نے کہا کہ شپ بلڈنگ منصوبے سے ہنرمند افراد کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور کراچی شپ یارڈ قومی بحری ترقی کا ایک اہم مرکز بنتا جا رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ شپ بلڈنگ اور شپ ریپئرنگ قومی بحری پالیسی کا کلیدی حصہ ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کی 95 فیصد تجارت سمندری راستوں کے ذریعے ہوتی ہے اس لیے ایک مضبوط بحری شعبہ ملکی معیشت کے استحکام کے لیے ناگزیر ہے۔