کراچی ،08 جنوری(اے پی پی ): ہولی ٹرینٹی کیتھیڈرل چرچ، کراچی میں “مذہبی رواداری اور باہمی افہام و تفہیم کے لیے حکمت عملی” کے موضوع پر بین۔المذاہب ہم آہنگی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کی صدارت وزیر مملکت مذہبی امور کھیل داس کوہستانی نے کی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت نے کہا کہ ہماری معاشرے کو درپیش چیلنجز کا حل ہم آہنگی اور باہمی احترام میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذہبی ہم آہنگی کی تعلیمات کو نصاب میں شامل کیا جانا چاہیے تاکہ نئی نسل میں صبر و برداشت اور رواداری کا جذبہ پیدا ہو۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مختلف مذاہب کے لوگوں کا وطن ہے اور کوئی بھی مذہب نفرت یا دہشت گردی کی تعلیم نہیں دیتا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان امن، رواداری اور بین المذاہب ہم آہنگی کا پرچم بلند رکھے گا، دنیا میں مذہب کے نام پر تفریق، تشدد اور منافرت کی حوصلہ شکنی ہونی چاہیے۔
کانفرنس میں مسلم، مسیحی، ہندو، سکھ، پارسی اور بہائی کمیونٹی کے رہنماؤں، قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے اراکین اور سماجی کارکنوں نے بھی شرکت کی۔











