مہنگائی کے خلاف ضلعی انتظامیہ کا سخت کریک ڈاؤن 27 گراں فروش گرفتار ،لاکھوں روپے جرمانہ

11

ملتان، 06 جنوری (اے پی پی ):  ضلعی انتظامیہ نے شہر میں مہنگائی کی روک تھام اور اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کو کنٹرول میں رکھنے کے لیے عملی اقدامات کا آغاز کر دیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر ملتان محمد نعمان صدیق نے پرائس کنٹرول کے حوالے سے سخت کریک ڈاؤن کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرکاری نرخوں کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق کی صدارت میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں پرائس کنٹرول اقدامات، فیلڈ کارروائیوں اور آئندہ کی حکمت عملی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں مہنگائی پر قابو پانے کے لیے مؤثر اور نتیجہ خیز اقدامات کرنے کی ہدایات دی گئیں۔

ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ماہ دسمبر کے دوران 45 ہزار سے زائد انسپکشنز کی گئیں، جن کے نتیجے میں 27 گراں فروش گرفتار کیے گئے، 5 مقدمات درج کیے گئے جبکہ 13 لاکھ 34 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ اس دوران سرکاری نرخوں کی خلاف ورزی پر درجنوں دکانیں اور گودام سربمہر بھی کیے گئے۔محمد نعمان صدیق نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو ہدایت کی کہ وہ فیلڈ میں متحرک رہتے ہوئے بڑے گراں فروشوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کریں اور روزانہ کی بنیاد پر قیمتوں کی چیکنگ کو یقینی بنائیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور مہنگائی کے خلاف بھرپور ایکشن جاری رہے گا۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پرائس کنٹرول کے قوانین پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائے گا اور سرکاری نرخ نامے کی خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔