وزیراعلیٰ پنجاب سے داماک گروپ کے وفد کی ملاقات، پنجاب میں ڈیجیٹل اثاثہ جات اور جدید ٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری پر اتفاق

11

لاہور، 7 جنوری (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے عالمی شہرت یافتہ داماک گروپ   کے اعلیٰ سطحی وفد نے ملاقات کی۔ وفد کی قیادت داماک گروپ کے سی ای او امیرا حسین سجوانی اور منیجنگ ڈائریکٹر علی حسین سجوانی نے کی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے وفد کا پرتپاک استقبال کیا جبکہ داماک گروپ کے نمائندگان نے شاندار خیرمقدم پر وزیراعلیٰ پنجاب کا شکریہ ادا کیا۔

ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے داماک گروپ کو پنجاب میں سرمایہ کاری کی باضابطہ دعوت دی۔ فریقین کے مابین حکومتی اور تجارتی اثاثوں کی ٹوکنائزیشن کے عمل کو تیز کرنے، مختلف شعبوں میں اسٹریٹجک سرمایہ کاری کے مواقع اور نواز شریف آئی ٹی سٹی میں تجارتی اثاثوں کی پائلٹ ٹوکنائزیشن کی تجاویز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ داماک گروپ نے پنجاب میں سرمایہ کاری کے لیے گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اس موقع پر کہا کہ پنجاب ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز اور ڈیجیٹل اثاثہ جات کی جدت کو اپنانے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کو ڈیجیٹل اثاثہ جات اور نئی ٹیکنالوجی کے شعبے میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری (FDI) کا گیٹ وے بنایا جا رہا ہے۔ وزیراعلیٰ کے مطابق پاکستان کی آئی ٹی برآمدات میں پنجاب کا 65 فیصد حصہ ہے اور صوبہ ملک کی سب سے بڑی آئی ٹی اور ڈیجیٹل اکانومی بن چکا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ پنجاب میں ہر سال 25 ہزار سے زائد آئی ٹی گریجویٹس افرادی قوت میں شامل ہو رہے ہیں، جبکہ لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد، ملتان اور گوجرانوالہ ابھرتے ہوئے متحرک ٹیکنالوجی ہب کے طور پر سامنے آ رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت پاکستان کو عالمی سطح پر آئی ٹی اور ڈیجیٹل انوویشن کا مرکز بنانے کے لیے پرعزم ہے اور پنجاب میں سرمایہ کاری کے لیے یہ بہترین اور موزوں وقت ہے، جہاں نوجوانوں کے لیے وسیع مواقع موجود ہیں۔

اجلاس میں سی بی ڈی پنجاب کے سی ای او عمران امین نے سی بی ڈی قائد ڈسٹرکٹ ماسٹر پلان پر بریفنگ دی، جس میں سیرس ٹاور، فائیو اسٹار ہاسپیٹیلٹی ٹاور، ہائپر ریٹیل مال اور دیگر اہم منصوبے شامل تھے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ سی بی ڈی پنجاب اور راوی اربن ڈیولپمنٹ اتھارٹی (روڈا) میں ٹوکنائزیشن کے وسیع مواقع موجود ہیں، جبکہ سی بی ڈی پنجاب اور نواز شریف آئی ٹی سٹی صوبے کی معاشی ترقی میں متحرک کردار ادا کر رہے ہیں۔