اسلام آباد، 08 جنوری ( اے پی پی): ایچ بی ایل پی ایس ایل کے گیارہویں ایڈیشن میں دو نئی ٹیموں کے اضافے کی کے لیے آکشن آج بروز جمعرات اسلام آباد میں ہوگی۔تقریب کے سلسلے میں اسلام آباد کا جناح کنونشن سینٹر رنگ برنگی روشنیوں سے چمک اٹھا۔
سی او او پی سی بی سمیر احمد سید نے جناح کنونشن سنٹر کا دورہ کیا اور آکشن تقریب کے انتظامات پر بریفنگ دی۔
جناح کنونشن سینٹر میں آکشن تقریب پر میٹنگ منعقد ہوئی جس میں ڈائریکٹر میڈیا عامر میر، ڈائریکٹر کمرشل علی عدنان زیدی اور چیف فنانشل آفیسر پی سی بی جاوید مرتضٰی نے بھی شرکت کی۔
آکشن کی تقریب میں آنے والے بڈرز اور معزز مہمانوں کا ریڈ کارپٹ پر استقبال کیا جائے گا۔ تقریب میں رائزنگ ایشیا کپ جیتنے والی پاکستان شاہینز اور ہانگ کانگ سپر سکسز جیتنے والی پاکستان ٹیم کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔چیئرمین پی سی بی کی ہدایت پر دونوں چیمپئن ٹیموں کی کارکردگی کو سراہا جائے گا، کھلاڑیوں کو انعامات بھی دیے جائیں گے۔
دو نئی ٹیموں کے آکشن کی تقریب کے لیے ریہرسلز مکمل کر لی گئیں،سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم بھی منفرد انداز میں آکشن میں شریک ہوں گے۔











