حکومت عوامی فلاح و بہبود، غربت کے خاتمے اور دکھی انسانیت کی خدمت کے لیے دن رات کوشاں ہے، سید عمران احمد شاہ

11

اسلام آباد،08 جنوری(اے پی پی ): وفاقی وزیر برائے تخفیفِ غربت و سماجی تحفظ سید عمران احمد شاہ نے کہا ہے کہ حکومت عوامی فلاح و بہبود، غربت کے خاتمے اور دکھی انسانیت کی خدمت کے لیے دن رات کوشاں ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان بیت المال کے ذریعے مستحق اور خصوصی افراد کو علاج معالجے سمیت مختلف سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ عوام کو حقیقی ریلیف مل سکے۔

آج نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ریہیبلیٹیشن میڈیسن کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ اس ادارے میں پاکستان بیت المال کے تحت زیرِ علاج مریضوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔

 انہوں نے کہا کہ مریضوں کی آسانی کے لیے شفاف اور تیز رفتار مالی معاونت کا نظام مزید مؤثر بنایا جائے گا تاکہ دور دراز علاقوں سے آنے والے مریضوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر کو ادارے کی کارکردگی، جاری علاج معالجے اور سہولیات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔