وفاقی وزارتِ صحت اور روش پاکستان کے درمیان کینسر کے مریضوں کو مفت علاج کی سہولت فراہم کرنے کا معاہدہ

6

اسلام آباد، 09 جنوری (اے پی پی): وفاقی وزارتِ قومی صحت اور ملٹی نیشنل دوا ساز کمپنی روش پاکستان کے درمیان کینسر کے مریضوں کو مفت ادویات کی فراہمی کے لیے معاہدے پر دستخط کر دیے گئے۔ معاہدے کی دستخطی تقریب وزارتِ قومی صحت میں منعقد ہوئی جس میں وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال سیکرٹری صحت حامد یعقوب شیخ اور روش پاکستان کی منیجنگ ڈائریکٹر نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے کہا کہ کینسر کے مریضوں کو مفت ادویات کی فراہمی کے لیے یہ ایک اہم اور تاریخی اقدام ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دوا ساز کمپنی روش پاکستان نے ادویات کی فراہمی کا معاہدہ پیش کیا جس کے تحت تین اقسام کے کینسرز کے مریض مستفید ہوں گے۔

وفاقی وزیر صحت کے مطابق اس معاہدے کے تحت بریسٹ کینسر پھیپھڑوں کے کینسر اور جگر کے کینسر کی ادویات فراہم کی جائیں گی۔ منصوبے سے اسلام آباد آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے کینسر کے مریضوں کو مفت ادویات کی سہولت میسر ہو گی۔ ادویات حکومتِ پاکستان اور ملٹی نیشنل دوا ساز کمپنی کے مشترکہ تعاون سے فراہم کی جائیں گی۔

مصطفیٰ کمال نے بتایا کہ پانچ سالہ معاہدے کے تحت کینسر کے ہزاروں مریض مستفید ہوں گے اور اس منصوبے کا آغاز ابتدائی طور پر پمز اسپتال سے کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کینسر کے ایک مریض کے علاج پر تقریباً 98 لاکھ روپے کے اخراجات آتے ہیں جبکہ ہر مریض کو تقریباً ایک کروڑ روپے مالیت کی ادویات مفت فراہم کی جائیں گی جن میں 10 لاکھ روپے حکومتِ پاکستان اور 90 لاکھ روپے نجی کمپنی روش فراہم کرے گی۔

وفاقی وزیر صحت نے مزید بتایا کہ اس منصوبے میں مجموعی طور پر 70 فیصد اخراجات دوا ساز کمپنی جبکہ 30 فیصد اخراجات حکومتِ پاکستان برداشت کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو معیاری علاج معالجے کی سہولت کی فراہمی حکومت کی ترجیح ہے۔

مصطفیٰ کمال نے روش پاکستان کے تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کا پہلا مرحلہ ہے اور جیسے جیسے اعتماد بحال ہو گا مزید ایسے منصوبے بھی شروع کیے جائیں گے۔