لاہور میں انسداد پولیو مہم کی تیاریوں کا جائزہ، 22 لاکھ سے زائد بچوں کو قطرے پلانے کا ہدف

11

لاہور، 11 جنوری (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے پولیو فری وژن کو عملی جامہ پہنانے کے لیے لاہور میں انسداد پولیو مہم کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے ڈسٹرکٹ پولیو ایریڈیکیشن کمیٹی کا اہم اجلاس ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا کی زیر صدارت ڈی سی آفس میں منعقد ہوا۔

اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل، تمام اسسٹنٹ کمشنرز، سی ای او ہیلتھ اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ سی ای او ہیلتھ نے 2 فروری سے شروع ہونے والی انسداد پولیو مہم پر تفصیلی بریفنگ دی، جس کے دوران لاہور کی تمام یونین کونسلز میں 22 لاکھ 30 ہزار سے زائد پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔

ڈپٹی کمشنر لاہور نے تمام ڈی ڈی ایچ اوز کو ہدایت کی کہ وہ اپنی تحصیلوں میں پولیو ٹیموں کی کڑی نگرانی یقینی بنائیں اور مہم کے دوران کوئی بھی بچہ پولیو کے قطروں سے محروم نہ رہے۔ انہوں نے وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے سرویلنس اور ٹریکنگ سسٹم مزید مؤثر بنانے اور گھر گھر مہم کے دوران والدین کو قائل کرنے پر زور دیا۔

سید موسیٰ رضا نے کہا کہ پولیو ورکرز ہمارا ہراول دستہ ہیں جو قومی فریضہ انجام دے رہے ہیں، ان کی سیکیورٹی اور لاجسٹکس کے تمام انتظامات مکمل رکھے جائیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تمام ادارے مشترکہ حکمت عملی کے تحت پولیو فری لاہور کا ہدف حاصل کریں گے۔