وزیر مملکت بلال اظہر کیانی کا جہلم میں الیکٹرو بس پر شہریوں کے ساتھ سفر، کیتھ لیب کا دورہ

9

‎اسلام آباد، 11 جنوری ( اے پی پی): وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے اور رکن قومی اسمبلی بلال اظہر کیانی نے اپنے انتخابی حلقے جہلم میں الیکٹرو بس میں عام شہریوں کے ہمراہ سفر کیا اور خود ٹکٹ خریدا۔ وہ جہلم میں الیکٹرو بس اسٹاپ پر شہریوں کے ساتھ کھڑے ہوئے اور دورانِ سفر مسافروں اور خواتین سے سفری سہولیات کے بارے میں گفتگو کی۔

‎بلال اظہر کیانی نے جہلم کے ڈی ایچ کیو اسپتال میں قائم پنجاب کی پہلی ضلعی کیتھ لیب کا دورہ بھی کیا، مختلف شعبوں کا معائنہ کیا اور ڈاکٹروں و مریضوں سے بات چیت کی۔

‎انہوں نے کہا کہ الحمدللہ جہلم کی عوام کو سفر اور علاج کی بہترین سہولیات میسر آچکی ہیں۔ اب تک کیتھ لیب میں نو مریضوں کی انجیوگرافی اور تین کی انجیو پلاسٹی کی جاچکی ہے جبکہ جلد اوپن ہارٹ سرجری کی سہولت بھی دستیاب ہوگی۔

‎انہوں نے کہا کہ 20 روپے میں جہلم سے دینہ اور منگلا تک الیکٹرو بس سروس عالمی معیار کی سہولت فراہم کر رہی ہے، بسوں میں کیمروں کی موجودگی سے سیکیورٹی بھی یقینی بنائی گئی ہے۔ مسافروں نے الیکٹرو بس سروس کے معیار کو سراہا اور مستقبل میں بسوں اور روٹس میں مزید اضافہ کیا جائے گا۔

‎وزیر مملکت نے کہا کہ بزرگوں، ماؤں، بہنوں، طلبہ اور ہر شہری کو معیاری، باوقار اور سستی سفری سہولت ملنے پر اہلِ جہلم خوش ہیں۔ کراچی اور لاہور کے معیار کا دل کے امراض کا جدید اور مفت علاج اب جہلم میں دستیاب ہے۔

‎انہوں نے بتایا کہ جون تک للہ جہلم روڈ مکمل ہوجائے گی جبکہ موٹر وے سے پنڈدادن خان تک کا سیکشن مکمل ہوچکا ہے۔ جہلم میں سیوریج کا ایک ارب روپے لاگت کا میگا منصوبہ بھی منظور ہوگیا ہے۔ گورنمنٹ گریجویٹ کالج میں بین الاقوامی معیار کا ہاکی گراؤنڈ اور آسٹروٹرف کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ جہلم اور تحصیلوں میں خوبصورتی اور صفائی ستھرائی کے لیے بھی کام جاری ہے۔

‎سیاسی امور پر گفتگو کرتے ہوئے بلال اظہر کیانی نے کہا کہ  وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے عوامی خدمت کے منصوبے زمینی حقائق بن چکے ہیں جن میں ستھرا پنجاب، الیکٹرو بس، کیتھ لیب اور سڑکوں کی تعمیر شامل ہیں۔

‎بلال اظہر کیانی نے کہا کہ ہم ایک سیاسی اور جمہوری جماعت ہیں، مذاکرات کے لیے پارلیمنٹ کے فلور سے بہتر کوئی فورم نہیں۔

‎دریں اثنا وزیر مملکت بلال اظہر کیانی مختلف علاقوں میں فاتحہ خوانی کے لیے بھی گئے۔