وفا قی وزیرِ تجارت جام کمال خان سے پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفیر سالم محمد الزعبی کی ملاقات

14

اسلام آباد، 14 جنوری (اےپی پی): وفا قی وزیرِ تجارت جام کمال خان اور پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفیر سالم محمد الزعبی کے درمیان ملاقات میں دوطرفہ اقتصادی تعاون کو مزید تیز کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ ملاقات میں جامع اقتصادی شراکت داری معاہدے (سی ای پی اے) کو پاکستان اور یو اے ای کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا گیا۔

اس موقع پر وزیرِ تجارت جام کمال خان نے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان سی ای پی اے سے متعلق تکنیکی مذاکرات حتمی مرحلے میں داخل ہو چکے ہیں اور معاہدہ جلد دستخط کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سی ای پی اے کی بروقت تکمیل کے لیے پُرعزم ہے۔

وزیرِ تجارت کا کہنا تھا کہ تکنیکی ٹیموں کی مشترکہ محنت کے باعث معاہدہ جلد نافذ العمل ہوگا، جس سے تجارت، سرمایہ کاری اور کاروباری روابط میں نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ سی ای پی اے پاکستان اور یو اے ای کے تعلقات کو نئی معاشی جہت دے گا۔یو اے ای کے سفیر نے پاکستان کی معاشی اصلاحات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان اقدامات سے کاروباری ماحول میں بہتری آئی ہے۔ انہوں نے پاکستان میں تجارت، لاجسٹکس، بندرگاہوں اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں یو اے ای کی دلچسپی کا اظہار کیا۔

دونوں فریقین نے وسطی ایشیا اور افریقہ سمیت تیسرے ممالک میں مشترکہ اور سہ فریقی تعاون بڑھانے پر بھی غور کیا۔ اس موقع پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ سی ای پی اے معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت میں نمایاں اضافے کا باعث بنے گا۔