اسلام آباد،14جنوری (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان کی ڈیجیٹل مالیاتی منڈیوں میں بڑھتی ہوئی بین الاقوامی دلچسپی کو سراہتے ہوئے پاکستان کے تیزی سے عالمی ڈیجیٹل فنانس کا حصہ بننے پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔وزیراعظم محمد شہباز شریف سے امریکی کمپنی ‘‘ورلڈ لبرٹی فنانشل’’ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر زچری وٹکوف کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی ہے۔اس موقع پر ڈیجیٹل ادائیگیوں میں جدت کے لیے پاکستان کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے گئے۔ وزیراعظم نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے ڈیجیٹل پاکستان کے حوالے سے اپنا وژن پیش کیا جس کا مقصد شہریوں کو زیادہ بہتر رابطوں، رسائی اور شفاف ذرائع کی سہولت کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل ادائیگیوں اور مالیاتی جدت کی تیزی سے بڑھتی ہوئی رفتار پاکستان کی وسعت اختیار کرتی ڈیجیٹل معیشت کا ایک اہم جزو ہے۔
اس موقع پر زچری وٹکوف نے محفوظ اور شفاف ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام کے لیے پاکستان کے ساتھ تعاون میں گہری دلچسپی ظاہر کی جس میں سرحد پار ادائیگیوں اور زر مبادلہ کے عمل میں جدت شامل ہے۔ انہوں نے پاکستان کے پالیسی فریم ورک کو سراہا جس کی بدولت پاکستان عالمی ڈیجیٹل فنانس کے منظرنامے میں تیزی سے ابھر رہا ہے۔ انہوں نے آئندہ دور کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈیجیٹل ادائیگیوں اور سرحد پار لین دین میں جدت کے امکانات تلاش کرنے کے لیے پاکستان کے ساتھ تعاون کو مزید بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔
اس موقع پر حکومت پاکستان اور ایس سی فنانشل ٹیکنالوجیز ایل ایل سی (جو ورلڈ لبرٹی فنانشل کی منسلک کمپنی ہے) کے درمیان مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے گئے۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور ورلڈ لبرٹی فنانشل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر زچری وٹکوف نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔اس مفاہمتی یادداشت کا مقصد سرحد پار لین دین کے لیے درکار ڈیجیٹل ادائیگی کے نظام پر باضابطہ بات چیت اور تکنیکی مہارت کو فروغ دینا ہے۔











