اسلام آباد۔14جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ قیصر احمد شیخ سے وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب خان کھچی نے بدھ کوملاقات کی۔
سرمایہ کاری بورڈ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ، باہمی تعاون کے نئے مواقع اور مختلف شعبہ جات میں سرمایہ کاری کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں وزراء نے بالخصوص ثقافتی ورثہ، سیاحت اور تخلیقی صنعتوں میں سرمایہ کاری کی وسیع گنجائش پر گفتگو کی۔
وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ نے اس موقع پر کہا کہ قومی ورثہ اور ثقافت کے شعبے کو معاشی ترقی سے موثر طور پر جوڑنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ثقافتی شعبے میں سرمایہ کاری سے نہ صرف ملکی شناخت کو فروغ ملے گا بلکہ روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت سرمایہ کار دوست پالیسیوں کے ذریعے مختلف شعبوں میں مقامی و غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔ دونوں وزراء نے بین الوزارتی تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور مشترکہ اقدامات کے ذریعے سرمایہ کاری کے اہداف کے حصول پر اتفاق کیا۔
وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بورڈ آف انویسٹمنٹ ملک میں پائیدار اور طویل المدتی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے بھرپور کردار ادا کرتا رہے گا۔











