وفاقی وزیر احسن اقبال کی زیر صدارت سینٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی (سی ڈی ڈبلیو پی) کا اجلاس

11

اسلام آباد،15جنوری(اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات اور نائب چیئرمین پلاننگ کمیشن احسن اقبال کی زیر صدارت سینٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی (سی ڈی ڈبلیو پی) کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں صحت کے شعبے سے متعلق مجموعی طور پر پانچ ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر برائے قومی صحت خدمات مصطفیٰ کمال نے بھی شرکت کی اور اپنی وزارت کے منصوبوں پر بریفنگ دی۔

اجلاس کے دوران صحت کے شعبے کے تین منصوبوں کی منظوری دی گئی، جبکہ دو بڑے منصوبوں کو مزید غور اور حتمی منظوری کے لیے ایگزیکٹو کمیٹی آف نیشنل اکنامک کونسل (ای سی این ای سی) کو ارسال کر دیا گیا۔ ان منصوبوں کا مقصد مختلف سطحوں پر صحت کی سہولیات میں بہتری لانا ہے۔

سی ڈی ڈبلیو پی نے صحت سہولت پروگرام کے نظرِ ثانی شدہ منصوبے کا جائزہ لیا، جو اسلام آباد، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں نافذ کیا جا رہا ہے۔ پروگرام کے تحت مستقل رہائشی خاندانوں کو ہسپتال میں علاج کی سہولت فراہم کی جائے گی، جس سے عوام کو علاج کے اخراجات کے حوالے سے سہولت ملنے کی توقع ہے۔ اجلاس میں اس امر پر زور دیا گیا کہ دستیاب وسائل کا مؤثر استعمال یقینی بنایا جائے۔

اجلاس میں جناح اسپتال (پولی کلینک-II) اسلام آباد کے منصوبے پر بھی غور کیا گیا، جس کے تحت اسپتال کی گنجائش اور طبی سہولیات میں بہتری لانے کی تجاویز شامل ہیں۔ وزیر منصوبہ بندی نے منصوبہ بندی کے مراحل میں بہتر تیاری اور تخمینوں کی اہمیت پر زور دیا۔

اس کے علاوہ بیماریوں کی نگرانی کے نظام، بارڈر ہیلتھ سروسز اور وفاقی پولی کلینک اسپتال میں بعض شعبہ جات کی بہتری سے متعلق تین منصوبوں پر بھی تفصیلی بحث کے بعد منظوری دی گئی۔ اجلاس میں منصوبوں پر بروقت عملدرآمد کی ضرورت پر زور دیا گیا۔