اقوامِ متحدہ کا منشور کسی بھی ریاست کی علاقائی سالمیت یا سیاسی خودمختاری کے خلاف طاقت کے استعمال یا اس کی دھمکی دینے، یا ایسے معاملات میں مداخلت کی سختی سے ممانعت کرتا ہے ،سفیر عاصم افتخار احمد

11

اقوامِ متحدہ ، 16 جنوری ( اے پی پی): اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب  سفیر عاصم افتخار احمد نے سلامتی کونسل میں مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال (ایران) کے ایجنڈے پر بریفنگ میں بیان دیتے ہوئے کہا کہ اقوامِ متحدہ کا منشور کسی بھی ریاست کی علاقائی سالمیت یا سیاسی خودمختاری کے خلاف طاقت کے استعمال یا اس کی دھمکی دینے، یا ایسے معاملات میں مداخلت کی سختی سے ممانعت کرتا ہے جو بنیادی طور پر ریاستوں کے داخلی دائرۂ اختیار میں آتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ  ریاستوں کے داخلی امور میں کسی بھی قسم کی بیرونی مداخلت بین الاقوامی قانون اور اقوامِ متحدہ کے منشور کے اصولوں کے منافی ہے۔ایران پاکستان کا قریبی ہمسایہ اور برادر ملک ہے اور دونوں قوموں کے عوام کے درمیان گہرے تاریخی، دوستانہ، ثقافتی اور مذہبی روابط موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ  ہم ایران میں حالات کی جلد معمول پر واپسی کی امید رکھتے ہیں اور خطے میں امن و استحکام کے لیے کی جانے والی تمام سفارتی کوششوں کی حمایت کا اظہار کرتے ہیں۔ ایک مستحکم اور پُرامن ایران پاکستان، پورے خطے اور اس سے باہر کے مفاد میں ہے۔ ہمیں ایرانی عوام اور قیادت کی بصیرت پر مکمل اعتماد ہے، جو اپنی عظیم ثقافت، قدیم تہذیب، تاریخ اور غیر معمولی استقامت کی بنیاد پر درپیش تمام چیلنجز سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ تمام تنازعات کو پُرامن ذرائع سے اور بین الاقوامی قانون کے مطابق حل کیا جانا چاہیے۔ مسلسل دشمنی، طاقت کے استعمال اور یکطرفہ اقدامات نہ صرف بنیادی مسائل کے حل سے ہمیں مزید دور لے جائیں گے بلکہ غیر ضروری انسانی تکالیف کا باعث بھی بنیں گے۔

پاکستان نے مسلسل اس مؤقف کی وکالت کی ہے کہ سفارتی روابط کو ترجیح دی جائے اور ایسے خطے میں، جو پہلے ہی کشیدگی اور عدم استحکام کا شکار ہے، تصادم اور تنازع سے ہر صورت اجتناب کیا جائے۔