قادر بخش راجپوت ویلفیئر ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام دستاربندی کے سلسلے میں تقریب

103

راولپنڈی,17جنوری  (اے پی پی):قادر بخش راجپوت ویلفیئر ایسوسی ایشن، چکلالہ سکیم تھری راولپنڈی کے زیر اہتمام دستاربندی کے سلسلے میں تقریب منعقد کی گئی جس میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما و سابق سینیٹر چوہدری تنویر نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں معززین علاقہ، سماجی شخصیات، ایسوسی ایشن کے عہدیداران اور راجپوت برادری کے افراد نے  بڑی تعداد میں شرکت کی۔ شرکاء نے تقریب کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی تقریبات نہ صرف سماجی ہم آہنگی کو فروغ دیتی ہیں بلکہ نئی نسل کو اپنی روایات، اقدار اور بزرگوں کے احترام کا شعور بھی عطا کرتی ہیں۔ اس موقع پر مہمان خصوصی چوہدری تنویر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دستاربندی ہماری ثقافتی اور سماجی روایات کا ایک اہم حصہ ہے جو عزت، وقار اور ذمہ داری کی علامت سمجھی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قادر بخش راجپوت ویلفیئر ایسوسی ایشن کی جانب سے فلاحی و سماجی سرگرمیوں کا انعقاد قابل تحسین ہے جو برادری کے اتحاد اور مسائل کے حل میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ تقریب کے دوران معزز شخصیات کی دستاربندی کی گئی۔ آخر میں ایسوسی ایشن کے عہدیداران نے مہمان خصوصی اور تمام شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ مستقبل میں بھی ایسی مثبت اور اصلاحی سرگرمیاں جاری رکھی جائیں گی۔