نوجوانوں کو تحقیق، جدت اور روزگار کے مواقع فراہم کرنا حکومت کی پالیسی کا اہم حصہ ہے: رانا مشہود

7

لاہور، 17 جنوری (اے پی پی): چیئرمین وزیر اعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے بائیونکس میڈیکل ڈیوائسز کے ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ سینٹر کے دورہ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بائیونکس پاکستان سے وابستہ وہ ڈاکٹرز جو بیرونِ ملک خدمات انجام دے رہے تھے، وطن واپس آ کر ڈائلائسیز کی جدید مشین تیار کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ یہ مشین نہ صرف پاکستان میں استعمال ہو رہی ہے بلکہ امریکہ بھی برآمد کی جا رہی ہے اور وہاں سے باقاعدہ منظوری بھی حاصل کر چکی ہے، جو پاکستانی ٹیلنٹ پر عالمی اعتماد کا واضح ثبوت ہے۔

رانا مشہود احمد خان نے مزید کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف پاکستان کے ٹیلنٹ کو آگے لانے کے خواہاں ہیں اور نوجوانوں کو تحقیق، جدت اور روزگار کے مواقع فراہم کرنا حکومت کی پالیسی کا اہم حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت بھی صحت کے شعبے میں بھرپور کام کر رہی ہے اور عوام کو جدید طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں۔
تقریب میں شریک شرکاء کا کہنا تھا کہ مقامی سطح پر جدید طبی آلات کی تیاری پاکستان کے لیے ایک بڑی کامیابی ہے، جس سے نہ صرف صحت کے شعبے میں خود کفالت کی جانب اہم پیش رفت ممکن ہو رہی ہے بلکہ ملکی معیشت اور برآمدات کو بھی تقویت ملے گی۔