لاہور،19 جنوری (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر علماء کرام سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے، صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق نے محکمہ داخلہ میں 10 مدارس عربیہ کے قائدین اور نمائندگان کے وفد سے ملاقات کی۔وفد کی قیادت چیئرمین پاکستان علماء کونسل و کوارڈینیٹر وزیراعظم پاکستان حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کی۔وفد میں وفاق المدارس و الجامعات الدینیہ پاکستان کے مولانا طاہر عقی، مولانا قاسم قاسمی، نظام المدارس پاکستان کے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر میر آصف اکبر قادری، علامہ عین الحق بغدادی،وفاق المدارس الاسلامیہ رضویہ کے ڈاکٹر محمد کریم خان، پیر سید واجد علی گیلانی، مجمع العلوم الاسلامیہ کے مولانا سید فہیم الحسن تھانوی، مولانا لقمان حامد جالندھری، مجمع المدارس تعلیم الکتاب و الحکمہ کے علامہ محمد توقیر عباس، علامہ ناصر مہدی، کنزالمدارس پاکستان کے مولانا محمد اسماعیل مدنی، مولانا محمد عمیر مدنی، اتحاد المدارس العربیہ کے مولانا محمد خان، مفتی محمد احمد شہزاد، اتحاد المدارس الاسلامیہ کے مولانا ڈاکٹر عبد الماجد، حافظ عطا اللہ عتیق، متحدہ جمعیت اہل حدیث جامعہ البدر الاسلامیہ کے ڈاکٹر سید ضیاء اللہ شاہ بخاری، ڈاکٹر سید اسامہ ضیاء بخاری، بورڈ آف اسلامک ایجوکیشن کے مفتی عبد الطیف اور مولانا ندیم شمس شامل تھے۔
ملاقات میں تمام مکاتبِ فکر کے جید علماء کرام سے تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی، سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر احسان بھٹہ، سابق سیکرٹری اوقاف سید طاہر رضا بخاری ملاقات میں شریک تھے ۔ایڈیشنل آئی جی آپریشنز پنجاب، ڈی آئی جی سی ٹی ڈی، ڈی آئی جی سپیشل برانچ، ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ، چیئرمین چیریٹی کمیشن و دیگر افسران نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ملاقات کے دوران صوبے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال، باہمی رواداری اور ہم آہنگی کے فروغ پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب صوبہ بھر میں اتحاد بین المذاہب اور اتحاد بین المسلمین کو فروغ دے رہی ہے، تمام مکاتبِ فکر کو عزت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، انہوں نے کہا کہ علماء معاشرے کے اہم اور قابل احترام رکن ہیں، سربلندی اسلام کیلئے علماء کرام سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے، مدارس کی رجسٹریشن کیلئے باہمی مشاورت جاری ہے اور دیگر مدارس سے بھی جلد ملاقات متوقع ہے، انہوں نے کہا کہ معاشرے کی اصلاح کیلئے علماء کرام کا کردار نہایت مؤثر ہے،وزیراعلیٰ پنجاب نے امام مسجد صاحبان کے اعزازیہ کیلئے تاریخی پروگرام کا اجراء کیا، امام مسجد صاحبان کی رجسٹریشن کا عمل مستقل جاری ہے، اتحاد بین المسلمین اور تمام مسالک کا ہم آہنگ ہونا وقت کی اہم ضرورت ہے، خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ سربلندی اسلام کی راہ اور صراط مستقیم پر چلنے میں ہی معاشرے کی فلاح مضمر ہے، دینی مدارس معاشرے کی اصلاح اور طلبہ کی تربیت میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں،امام مسجد صاحبان اور مدارس کی رجسٹریشن کے علاوہ بھی دینی حلقوں کے ساتھ نیاز مندی کا تعلق قائم رہے گا،حکومت پنجاب تمام مکاتبِ فکر کے ساتھ مل کر صوبے میں پائیدار امن کے قیام کیلئے سنجیدہ اور مؤثر اقدامات کر رہی ہے، آخر میں ملک و قوم کی ترقی، سلامتی اور خوشحالی کیلئے دعا کی گئی۔











