ایمسن ٹریول انٹرنیشنل (پرائیویٹ) لمیٹڈ اور فلائی بغداد ایئرلائن کے درمیان جی ایس اے معاہدہ طے پا گیا

12

لاہور،20جنوری ( اے پی پی):  ایمسن ٹریول انٹرنیشنل (پرائیویٹ) لمیٹڈ اور فلائی بغداد ایئرلائن کے درمیان جی ایس اے معاہدہ طے پا گیا۔ ایمسن ٹریول انٹرنیشنل (پرائیویٹ) لمیٹڈ کی انتظامیہ نے  اس امر کا اعلان کرتےہوئے کہا کہ ہمیں خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ اس نے فلائی بغداد ایئرلائن کے ساتھ جنرل سیلز ایجنٹ (GSA) کا معاہدہ طے کر لیا ہے۔ اس  معاہدے کے تحت ایمسن ٹریول انٹرنیشنل (پرائیویٹ) لمیٹڈ کو فلائی بغداد ایئرلائن کا باقاعدہ اور مجاز جنرل سیلز ایجنٹ مقرر کیا گیا ہے، جو ایئرلائن کی فروخت، مارکیٹنگ اور ڈسٹری بیوشن کی ذمہ داریاں انجام دے گا۔ ہمیں یہ بھی آگاہ کرتے ہوئے مسرت ہو رہی ہے کہ فلائی بغداد ایئرلائن کی پروازیں، جو عارضی طور پر معطل تھیں، اب دوبارہ بحال کی جا رہی ہیں۔ ان پروازوں کی بحالی سے زیارات کے لیے جانے والے زائرین (زائرینِ کرام) کو سہولت حاصل ہوگی اور انہیں براہِ راست، محفوظ اور قابلِ اعتماد سفری سہولیات میسر آئیں گی۔

اس موقع پر موسیٰ احمد نقوی، چیف ایگزیکٹو آفیسر، ایمسن ٹریول انٹرنیشنل (پرائیویٹ) لمیٹڈ نے کہاکہ فلائی بغداد ایئرلائن کی پروازوں کی بحالی ہمارے ادارے اور مسافروں کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے۔ یہ شراکت داری زیارات کے سفر کو سہل، محفوظ اور بااعتماد بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ مسافروں کو بہترین سہولیات اور معیاری خدمات فراہم کی جائیں۔

 علی عبیدی، کنٹری ہیڈ فلائی بغداد ایئرلائن نے کہاکہ ایمسن ٹریول انٹرنیشنل کے ساتھ شراکت داری میں پروازوں کی بحالی پر ہمیں خوشی ہے۔ ہماری پروازیں مسافروں اور زائرین کے لیے محفوظ، براہِ راست اور قابلِ اعتماد سفری سہولیات فراہم کریں گی، اور پاکستان اور عراق کے درمیان فضائی روابط کو مزید مستحکم کریں گی۔

دونوں ادارے پروازوں کے مؤثر اور ہموار آپریشن اور مسافروں کی بہترین سہولت کے لیے پرعزم ہیں۔ پروازوں کے شیڈول، روٹس اور دیگر تفصیلات جلد میڈیا اور ٹریول ٹریڈ کے ساتھ شیئر کی جائیں گی۔