کوئٹہ، 20 جنوری (اے پی پی): وفاقی وزیر برائے ریلویز حنیف عباسی اور وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیرِ صدارت پاکستان ریلویز اور حکومت بلوچستان کے مابین ایک اہم مشترکہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں بلوچستان میں پیپلز ٹرین سروس سمیت مختلف جوائنٹ وینچر منصوبوں کے آغاز پر اصولی اتفاق کیا گیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلویز حنیف عباسی نے کہا کہ پاکستان ریلویز کی 78 سالہ تاریخ میں پہلی مرتبہ صوبائی سطح پر ڈیولوشن کا تاریخی فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقامی ریلوے سروسز میں تینوں صوبوں نے دلچسپی ظاہر کی، تاہم عملی قیادت بلوچستان نے سنبھالی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں بلوچستان میں ریلویز جدید اور مؤثر حکمت عملی کے تحت آگے بڑھ رہی ہے۔ حنیف عباسی نے پیپلز ٹرین سروس کو پاکستان ریلویز اور حکومت بلوچستان کے باہمی اشتراک کی شاندار مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ عوام کو سستی، محفوظ اور بااعتماد سفری سہولیات فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ حکومت بلوچستان پیپلز ٹرین سروس منصوبے پر تیز رفتار اور عملی پیش رفت چاہتی ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ نئے ریلوے اسٹیشنز کی تعمیر اور موجودہ انفراسٹرکچر کی اپ گریڈیشن کے لیے حکومت بلوچستان مطلوب وسائل فراہم کرے گی، جبکہ پیپلز ٹرین سروس کے لیے ایک ارب چالیس کروڑ روپے رواں ہفتے جاری کر دیے جائیں گے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سریاب تا کچلاک پیپلز ٹرین سروس کی کامیابی کے بعد اس منصوبے کا دائرہ مستونگ سے پشین اور دیگر علاقوں تک وسیع کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ریلوے سسٹم کی بحالی اور عوام کو سستی و محفوظ سفری سہولیات کی فراہمی حکومت بلوچستان کی ترجیحات میں شامل ہے۔ بعد ازاں وفاقی وزیر ریلویز اور وزیر اعلیٰ بلوچستان نے ریلویز فٹ بال گراؤنڈ کا دورہ بھی کیا، جہاں کھیلوں کے فروغ اور پاکستان ریلویز کی اراضی پر مشترکہ منصوبے شروع کرنے پر اتفاق کیا۔











