اسلام آباد،20جنوری(اے پی پی):رکن قومی اسمبلی شہلا رضا نے وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ہاکی پر ایڈہاک لگا کر پاکستان ہاکی فیڈریشن کاغیر جانبدار عبوری صدر نامزد کریں تاکہ پی ایچ ایف کے صاف و شفاف انتخابات ہو سکیں۔پاکستان ہاکی فیڈریشن کے موجودہ صدر منتخب نہیں، نامزد کردہ ہیں، طارق بگٹی کو کلبوں کی سکروٹنی اور الیکشن کروانے کا ٹاسک دیا گیا تھا مگر انہوں نے خود کو صدر منتخب کروا لیا۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے منگل کو یہاں نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پاکستان کے نامور اولمپیئنز شہناز شیخ، سمیع اللہ، کلیم اللہ،حنیف خان، ناصر علی، وسیم فیروز،محمد شکیل عباسی، سید حیدرحسین،نعیم اختر خان، ایاز محمود اور ملک بھر کی ہاکی فیڈریشنز کے عہدیداران کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ شہلا رضا نے کہا کہ پاکستان سپورٹس بورڈ نے ہاکی کلبزکی سکرونٹی کے حوالے سے خط جاری کیا جس میں ہاکی کلبوں کی یکطرفہ سکروٹنی کو مسترد کر دیا ہے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر نامزد کردہ ہیں ،طارق بگٹی کو کلبوں کی سکروٹنی اور الیکشن کروانے کا ٹاسک دیا گیا تھا تاہم انہوں نے خود کو صدر منتخب کروا لیا حالانکہ قانونی طور پر نگراں خود انتخابات میں حصہ نہیں لے سکتے۔خط میں پی ایس بی نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کی مالی ساکھ پر سوالات اٹھائے ہیں، رانا مجاہد کی جانب سے ایک پورٹل کھول کر من پسند کلبز کی رجسٹریشن کی گئی۔ اس موقع پر سابق اولمپیئن شہناز شیخ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی جانب سے بنائی گئی کمیٹی میں سفارشات پیش کی تھیں کہ غیر جانبدار نگراں لوگوں کی قیادت میں ہاکی فیڈریشن کے صاف و شفاف انتخابات کروائے جائیں اور ملک میں موجود تمام کلبز کی سکروٹنی کی جائے، وزیراعظم سے اپیل ہے کہ وہ قومی کھیل کو تباہی سے بچانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ اس موقع پر سابق اولمپیئن سمیع اللہ نے کہا کہ پچھلے بیس سال سے قومی کھیل تباہی کا شکار ہے، جب ٹیم اٹھارویں نمبر پر ہو گی تو کوئی بھی ادارہ اسے سپانسر نہیں کرے گا،اچھے کلبز کو اوپر لا کر پاکستان ہاکی کو بہتر بنایا جا سکتا ہے۔











