ملتان 21، جنوری (اے پی پی ): کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں نے فنونِ لطیفہ اور ادب سے وابستہ شخصیات کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے ایک شاندار اور منفرد اقدام کا آغاز کر دیا ہے۔ اس اقدام کے تحت ادیبوں، شاعروں، فنکاروں اور اساتذہ کے گھروں کے باہر اعزازی تختیاں نصب کی جا رہی ہیں تاکہ ان کی فنی، ادبی اور ثقافتی خدمات کو سرکاری سطح پر تسلیم کیا جا سکے۔
اسی سلسلے میں اعترافِ فن کے طور پر پاکستان کی نامور کلاسیکل گلوکارہ ثریا ملتانیکر کے گھر کے باہر اعزازی تختی نصب کر دی گئی۔ اس موقع پر کمشنر ملتان عامر کریم خاں نے کہا کہ کلاسیکل غزل، خیال، کافی، گیت اور لوک گائیکی میں ثریا ملتانیکر کا نام ایک مستند حوالہ اور سند کی حیثیت رکھتا ہے۔
کمشنر ملتان نے کہا کہ ثریا ملتانیکر بین الاقوامی سطح پر ملتان وسیب اور پاکستان کی ثقافتی شناخت ہیں۔ انہوں نے اپنے ستر سالہ طویل فنی سفر میں نہ صرف ملک بلکہ عالمی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کی اور اپنے فن کے ذریعے قومی تشخص کو اجاگر کیا۔
عامر کریم خاں نے مزید کہا کہ حکومتِ پاکستان کی جانب سے ثریا ملتانیکر کو ان کی شاندار خدمات کے اعتراف میں تمغۂ حسنِ کارکردگی اور ستارۂ امتیاز جیسے اعلیٰ سول اعزازات سے نوازا جا چکا ہے۔انکا کہنا تھا کہ یہ شخصیات ہمارے خطے کا فخر ہیں جبکہ فنکاروں، ادیبوں، اساتذہ اور شعراء کی خدمات ہماری تاریخ کا ایک روشن باب ہیں، جنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
اس موقع پر منعقدہ تقریب میں ضلعی افسران، سماجی شخصیات اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔











