اسلام آباد، 21 جنوری )اے پی پی ):اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے بدھ کے روز وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے اطلاعات خیبرپختونخوا اختیار ولی خان کی رہائشگاہ پر جا کر ان کی والدہ محترمہ کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے مرحومہ کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی اور اختیار ولی خان اور ان کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت و ہمدردی کا اظہار کیا۔ اسپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ والدین کا بچھڑ جانا ایک ناقابلِ تلافی نقصان اور عظیم صدمہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ والدین کی محبت، شفقت، قربانی اور دعاؤں کا دنیا میں کوئی نعم البدل نہیں۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ وہ دکھ کی اس گھڑی میں اختیار ولی خان اور ان کے خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
اسپیکر سردار ایاز صادق نے اللہ تعالیٰ سے مرحومہ کو اپنی جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمانے اور اختیار ولی خان سمیت تمام سوگوار کو اس ناقابل تلافی نقصان کو برداشت کرنے کیلئے صبرِ جمیل عطا فرمانے کی دعا کی۔











