کوئٹہ،22 جنوری ( اے پی پی ): وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت صوبائی محکموں کی مجموعی ششماہی کارکردگی اور ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت سے متعلق جائزہ اجلاس منعقد ہوا ۔اجلاس میں صوبائی وزیر راحیلہ حمید درانی ، چیف سیکریٹری بلوچستان شکیل قادر خان اور متعلقہ صوبائی محکموں کے سکریٹریز نے شرکت کی۔ اجلاس میں وزیر اعلیٰ کو صوبائی سرکاری محکموں کی ششماہی کارکردگی اور ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت سے متعلق رپورٹ پیش کی گئی۔ وزیر اعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ محکمے تمام اسٹاف کی حاضری کو یقینی بناتے ہوئے اپنے ترقیاتی منصوبوں کی اونر شپ لیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ محکمے عوامی شکایات پر فوری عمل درآمد کے لئے موثر میکنزم تشکیل دیں۔ انہوں نے محکمہ قانون کو ہدایت کی کہ دو ہفتوں کے دوران صوبائی کنٹریکٹ پالیسی کا ڈرافٹ پیش کیا جائے، انہوں نے کہا کہ محکمہ تعلیم سے متعلق کانٹریکچول ریکروٹمنٹ میں 100 فیصد میرٹ کو یقینی بنایا جائے اور جعلی ڈگری ہولڈرز پر ایف آئی آر کی جائے ۔وزیر اعلیٰ کو صوبے میں ہونے والے ششماہی کھلی کچہریوں کی رپورٹ بھی پیش کی گئی وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ مفاد عامہ سے متعلق سمریوں کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹایا جائے اور شکایت سیل کو بھر پور انداز سے فعال کرتے ہوئے عوامی سطح پر اس کی بھرپور تشہیر بھی کی جائے وزیر اعلیٰ نے ششماہی محکمانہ رینکنگ میں ٹاپ 10 کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں کے لیے محکموں کے سکریٹریز میں تعریفی اسناد بھی تقسیم کی۔ اجلاس کو متعلقہ حکام کی جانب سے محکمانہ ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت سے متعلق بھی بریفنگ دی گئی ،وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اس موقع پر واضح ہدایات دی کہ تمام صوبائی محکمے مقررہ وقت کے اندر اپنے ترقیاتی اسکیمات کی تکمیل کو یقینی بنائیں انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ترقیاتی اسکیمات کی بروقت تکمیل پر قطعی کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا انہوں نے زور دیا کہ جن ترقیاتی اسکیمات پر اب تک کوئی پیش رفت نہیں ہے انہیں رواں مالی سال میں ہر صورت پورا کیا جائے۔ انہوں اس موقع پر سیکریٹری سوشل ویلفیئر کو ہدایت کی کہ منشیات کے عادی افراد کی مکمل بحالی کےلئے تمام ضروری اقدامات تیز کیے جائیں انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں بلڈنگ کوڈز کی خلاف ورزی کے مرتکب ذمہ داران کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے اور کہا کہ بلڈنگ کوڈز کی خلاف ورزی مختلف حادثات کا سبب بنتی ہے ۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت کی ترجیح اچھی طرز حکمرانی ہے ،عوامی نوعیت کے تمام منصوبوں کو وقت پہ مکمل کرنا حکومت کی ترجیحات میں سر فہرست ہے۔











