اسلام آباد، 22 جنوری (اے پی پی):قائد اعظم یونیورسٹی اسلام آباد میں وزیراعظم یوتھ لیپ ٹاپ سکیم کے تحت لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب منعقد ہوئی۔ مہمان خصوصی وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے طلباء و طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کیے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قائد اعظم یونیورسٹی کے بغیر اسلام آباد مکمل نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ قائد اعظم یونیورسٹی ملک بھر کے طلباء کا حسین امتزاج ہے اور یونیورسٹی میں طلباء و طالبات کے لیے سہولتیں بہتر بنائی جائیں گی۔
محسن نقوی نے کہا کہ اسلام آباد میں سرکاری زمین پر قبضے برداشت نہیں کیے جائیں گے اور تمام اراضی قابضین سے واگزار کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں جہاں بھی تجاوزات ہوں گی وہ مکمل گرائی جائیں گی اور تجاوزات کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی ہے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ اگلے ماہ اسلام آباد وژن 2027 پیش کریں گے جس کے تحت یونیورسٹی ٹاؤن پراجیکٹ بھی پیش کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ قائد اعظم یونیورسٹی کے داخلی راستے کی تزئین و آرائش کی جائے گی اور انٹرنس کو خوبصورت بنایا جائے گا۔ یونیورسٹی کے آڈیٹوریم کو بھی جدید اور سٹیٹ آف دی آرٹ بنایا جائے گا۔
محسن نقوی نے کہا کہ طلباء کے لیے یادگار تعلیمی ماحول فراہم کرنا مشن ہے۔ انہوں نے کہا کہ قائد اعظم یونیورسٹی کی رینکنگ میں بہتری باعثِ فخر ہے۔ وزارت داخلہ نے قائد اعظم یونیورسٹی کے لیے الگ کوآرڈینیٹر مقرر کر دیا ہے۔
نیشنل پولیس اکیڈمی کے زیر تربیت افسران کو قائد اعظم یونیورسٹی ڈگری دے گی۔ تعلیمی اداروں اور سیکیورٹی اداروں کے درمیان اشتراک بڑھایا جائے گا۔ لیپ ٹاپ سکیم وزیراعظم محمد شہباز شریف کے دل کے بہت قریب ہے۔
وائس چانسلر نے کہا کہ قائد اعظم یونیورسٹی کو مسلسل تین سال ملک کے ٹاپ رینکنگ یونیورسٹی کا اعزاز حاصل ہے۔ تقریب میں ڈپٹی کمشنر و ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اسلام آباد، ڈی آئی جی آپریشنز، فیکلٹی ممبران قائد اعظم یونیورسٹی سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔











