اسلام آباد، 22جنوری ( اے پی پی): نیوز چینل میٹرو ون نیوز کے اسلام آباد بیورو آفس کی افتتاحی تقریب بروز جمعرات یہاں منعقد ہوئی جس میں صحافتی اور سیاسی حلقوں کی نمایاں شخصیات نے بھرپور شرکت کی۔
تقریب کے مہمان خصوصی چیئرمین کیبل آپریٹرز اور میٹرو ون نیوز کے آنر خالد آرائیں تھے جو خصوصی طور پر کراچی سے اسلام آباد تشریف لائے۔ تقریب میں وزیراعظم پاکستان کے کوآرڈینیٹر برائے اطلاعات اختیار ولی، یوتھ کوآرڈینیٹر ٹو پی ایم ذیشان نقوی، رکن قومی اسمبلی فرحان چشتی، رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر مرزا اختیار بیگ، صدر پی ایف یو جے افضل بٹ، سابق صدر نیشنل پریس کلب انور رضا، ایم ڈی اے پی پی عاصم کھچی، سابق صدر آر آئی یو جے علی رضا علوی سمیت پریس کلب کے عہدیداران، اے پی پی ایمپلائز یونین کے نمائندگان اور صحافی برادری کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
چیئرمین خالد آرائیں نے کہا کہ پرنٹ میڈیا کی طرح الیکٹرانک میڈیا کو بھی چیلنجز درپیش ہیں اور میڈیا انڈسٹری تیزی سے سکڑ رہی ہے جس پر صحافتی تنظیموں ، حکومتوں اور ٹریڈ یونینز کومجموعی طور پر فعال اور متحرک کردار ادا کرنا ہو گا کیونکہ بہت بڑی تعداد میں میڈیا ورکرز کے بیروزگار ہونے کا خدشہ ہے ۔
وزیراعظم پاکستان کے کوآرڈینیٹر برائے اطلاعات اختیار ولی نے اپنے خطاب میں کہا کہ موجودہ دور میں میڈیا کو درپیش سب سے بڑا چیلنج باہمی تقسیم اور پولرائیزیشن ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ میٹرو ون نیوز ذمہ دارانہ اور متوازن صحافت کے ذریعے اس تقسیم کو کم کرنے میں مؤثر کردار ادا کرے گا اور قومی بیانیے کو مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔انھوں نے کہا کہ صحافی کے لیے غیر جانبداری کا عنصر بہت ضروری ہے۔
پرائم منسٹر یوتھ کوآرڈینیٹر ذیشان نقوی نے نوجوانوں کے لیے معیاری اور حقائق پر مبنی معلومات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ میڈیا کا کردار نئی نسل کی فکری تربیت میں کلیدی ہے اور ایسے پلیٹ فارمز کی ضرورت ہے جو تحقیق اور سچائی کو ترجیح دیں۔
صدر پی ایف یو جے افضل بٹ نے صحافیوں کے حقوق اور پیشہ ورانہ معیار کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا اداروں کو صحافت کے اخلاقی اصولوں کی پاسداری کے ساتھ کارکن صحافیوں کے تحفظ کو بھی یقینی بنانا چاہیے۔
سابق صدر پریس کلب انور رضا نے کہا کہ اسلام آباد میں میٹرو ون نیوز کے بیورو کا قیام صحافتی سرگرمیوں کے فروغ میں مثبت اضافہ ہے اور توقع ظاہر کی کہ یہ ادارہ پارلیمانی اور پالیسی معاملات کی جامع اور غیرجانبدار کوریج فراہم کرے گا۔
ایم ڈی اے پی پی محمد عاصم کھچی نے سرکاری خبررساں اداروں اور نجی میڈیا کے درمیان پیشہ ورانہ تعاون کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ معلومات کی درست ترسیل ریاست اور عوام کے درمیان اعتماد کو مضبوط بناتی ہے۔
تقریب سے نیشنل پریس کلب اسلام آباد کی وائس پریزیڈنٹ سحر اسلم خان ، اے پی پی ایمپلائز یونین کے سابق صدر، ربجا کے چیئرپرسن قربان ستی نے بھی خطاب کیا جبکہ نظامت کے فرائض ڈائریکٹر پارلیمانی افیئرز رشید ملک اور ڈائریکٹر ڈپلومیٹک افیئرزعلی رضا علوی نے انجام دیئے۔
تقریب کے اختتام پر بیورو چیف جاوید بھاگٹ اور ڈپٹی بیورو چیف زین ہاشمی نے تمام مہمانوں اور صحافی برادری کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ میٹرو ون نیوز اسلام آباد بیورو معیاری اور ذمہ دارانہ صحافت کے فروغ کے لیے کام کرے گا۔











