تعلیم اور ٹیکنالوجی ہی قوموں کی ترقی اور خوشحالی کی اصل بنیاد ہیں، قیصر احمد شیخ

15

اسلام آباد،22 جنوری (اے پی پی): وفاقی وزیر برائے بورڈ آف انویسٹمنٹ قیصر احمد شیخ نے  یونیورسٹی کی سلور جوبلی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ تعلیم اور ٹیکنالوجی ہی قوموں کی ترقی اور خوشحالی کی اصل بنیاد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر وہی معاشرے آگے بڑھے ہیں جنہوں نے علم، تحقیق اور جدید مہارتوں کو اپنی ترجیحات میں شامل کیا۔

وفاقی وزیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے خود مشاہدہ کیا ہے کہ کس طرح تعلیم پر مستقل توجہ اور درست سمت میں سرمایہ کاری نے اقوام کو ترقی کی نئی بلندیوں تک پہنچایا اور انہیں عالمی معیشت میں نمایاں مقام دلایا۔ ان کے مطابق یہ ایک مسلمہ حقیقت ہے کہ تعلیم کسی بھی ملک کی تقدیر بدلنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔

قیصر احمد شیخ نے  یونیورسٹی کے اعلیٰ تعلیمی معیار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایک ایسا معتبر ادارہ ہے جس کے فارغ التحصیل طلبہ ملک اور بیرونِ ملک اہم اور نمایاں ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ادارہ نوجوانوں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ علم اور مہارتیں فراہم کر رہا ہے جو قومی ترقی کے لیے نہایت اہم ہیں۔

وفاقی وزیر نے ملتان میںکے چھٹے کیمپس کے قیام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک کے مختلف حصوں میں معیاری تعلیمی اداروں کا قیام ترقی کے عمل کو تیز کرتا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ جہاں بھی تعلیم کی ضرورت ہو، وہاں ایسے اداروں کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے اور اس مقصد کے لیے حکومت، اداروں اور معاشرے کے تمام طبقات کو مشترکہ کردار ادا کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا  کہ وہ ذاتی طور پر اور دوستوں کے تعاون سے مستحق اور باصلاحیت طلبہ و طالبات کی اعلیٰ تعلیم میں معاونت کر رہے ہیں تاکہ انہیں آگے بڑھنے کے مساوی مواقع میسر آ سکیں۔ ان کے مطابق پائیدار ترقی اور خوشحال مستقبل کے لیے تعلیم اور ٹیکنالوجی ناگزیر ہیں۔

آخر میں وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ نے یونیورسٹی کی سلور جوبلی پر انتظامیہ، اساتذہ اور طلبہ کو مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ یہ ادارہ آئندہ بھی علم، تحقیق اور ٹیکنالوجی کے فروغ میں مؤثر کردار ادا کرتا رہے گا۔