پاکستان۔فلپائن کا زرعی تجارت میں توسیع پر غور، چاول کی برآمدات بڑھانے پر اتفاق

16

اسلام آباد،23 جنوری(اے پی پی): وفاقی وزیرِ تجارت جام کمال خان  سے  فلپائن کے سفیر ڈاکٹر ایمانوئیل آر فرنانڈیز  نے جمعہ کو یہاں ملاقات  کی  جس میں دوطرفہ زرعی تجارت بالخصوص چاول کی فراہمی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں وزیرِاعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر فلپائن کو پاکستانی چاول کی برآمدات بڑھانے کے امکانات کا جائزہ لیا گیا جبکہ پاکستان اور فلپائن کے درمیان چاول کی سرکاری سطح پر خریداری کے امکانات کو بھی روشن قرار دیا گیا۔

وفاقی وزیرِ تجارت نے پاکستانی چاول کے معیار اور مقدار کی یقین دہانی کراتے ہوئے قیمتوں میں مسابقت یقینی بنانے کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ پاکستان طویل عرصے سے فلپائن کے لیے چاول کے تین بڑے سپلائرز میں شامل ہے اور پاکستانی چاول کے کوٹے میں مزید اضافے کے قوی امکانات موجود ہیں۔

ملاقات میں پاکستان اور فلپائن کے درمیان چاول کی فراہمی سے متعلق طویل المدتی مفاہمتی یادداشت ایم او یو پر پیش رفت پر بھی گفتگو ہوئی جس کے جلد متوقع ہونے کی امید ظاہر کی گئی۔ فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ آئندہ پاکستان۔فلپائن جوائنٹ اکنامک کمیشن کے اجلاس میں چاول کی تجارت سرفہرست ایجنڈا ہوگی۔

فلپائن کی جانب سے فروری میں متوقع چاول ٹینڈر میں پاکستانی شرکت کی امید کا اظہار بھی کیا گیا۔ اس کے علاوہ پاکستانی کینو مینڈرین کی برآمدات اور ٹیرف سے متعلق مسائل بھی زیرِ غور آئے۔

ملاقات میں پاکستان اور فلپائن نے زرعی تجارت میں تعاون مزید مضبوط بنانے پر بھی اتفاق کیا۔