راولپنڈی کے نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ’’راولپنڈی ٹائیگرز‘‘کے نام سے ایک کرکٹ ٹیم تشکیل دی جا رہی ہے،وفاقی وزیر برائے ریلوے محمد حنیف عباسی

7

راولپنڈی۔24جنوری  (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے ریلوے محمد حنیف عباسی نے اعلان کیا ہے کہ راولپنڈی کے نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ’’راولپنڈی ٹائیگرز‘‘ کے نام سے ایک کرکٹ ٹیم تشکیل دی جا رہی ہے، اس مقصد کے لیے لاہور قلندرز کے زیر اہتمام 14 اور 15 فروری کو راولپنڈی ڈسٹرکٹ میں نوجوانوں کے لیے ٹرائلز منعقد کیے جائیں گے جو مکمل طور پر میرٹ کی بنیاد پر ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز راولپنڈی میں سی ای او لاہور قلندرز عاطف رانا کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ راولپنڈی ٹائیگرز کو عالمی معیار کی ٹیم بنانے کے لیے بھرپور اقدامات کیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ٹرائلز میں کسی قسم کی سفارش قبول نہیں کی جائے گی اور شرکت کے لیے راولپنڈی کا ڈومیسائل ہونا لازمی ہو گا۔ انہوں نے بتایا کہ ٹرائلز کے بعد منتخب ہونے والے 20 باصلاحیت کھلاڑیوں کو تربیت کے لیے لاہور قلندرز کے ہائی پرفارمنس سینٹر بھیجا جائے گا۔ حنیف عباسی نے کہا کہ اگر ان نوجوانوں میں کوئی غیر معمولی تیز اور باصلاحیت باؤلر سامنے آیا تو اسے اپنے خرچ پر بیرون ملک بھی تربیت کے لیے بھیجا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بھرپور کوشش کی جائے گی کہ آئندہ تین سال میں راولپنڈی ٹائیگرز کو پی ایس ایل میں شامل کرایا جائے۔ ایک سوال کے جواب میں حنیف عباسی نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی ترجیحات میں نوجوانوں کی تعلیم کے ساتھ ساتھ انہیں کھیلوں کی عالمی معیار کی سہولیات فراہم کرنا شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی میں اسکولوں اور کالجوں میں کھیلوں کی معیاری سہولیات فراہم کی گئی تھیں تاہم گزشتہ حکومت نے ان منصوبوں کو نقصان پہنچایا۔ انہوں نے خواتین میں کھیلوں کے فروغ پر بات کرتے ہوئے کہا کہ راولپنڈی میں خواتین کو کھیلوں کی ہر ممکن سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی میں انٹرنیشنل معیار کا اسکواش کورٹ تعمیر کیا گیا، وقار النساء ویمن کالج میں خواتین کے لیے آسٹرو ٹرف موجود ہے اور حال ہی میں پورے پنجاب کی ویمن ہاکی کا فائنل بھی وہیں منعقد ہوا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ اگلے مرحلے میں لڑکیوں کی کرکٹ ٹیم بھی تشکیل دی جائے گی۔ حنیف عباسی نے لاہور قلندرز کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ جس طرح اس فرنچائز نے پاکستان بھر سے ٹیلنٹ تلاش کیا، اسی طرح راولپنڈی سے بھی باصلاحیت کھلاڑی سامنے لائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور قلندرز نے کرکٹ کے فروغ اور عوام کے اس کھیل سے رومانس کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا اور ایسے نوجوان ہیرے نکالے جن کے پاس کھیلنے کے لیے جوتے تک نہیں تھے۔ انہوں نے کہا کہ میرٹ پر نظر رکھنے کا جو کام لاہور قلندرز نے کیا وہی اس منصوبے کی کامیابی کی ضمانت ہے۔ اس موقع پر سی ای او لاہور قلندرز عاطف رانا نے کہا کہ حنیف عباسی کو کھیلوں، راولپنڈی اور پاکستان سے گہری محبت ہے، انہوں نے شہر کی ترقی، تعلیم اور کھیلوں کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہم پاکستان کے 28 شہروں میں ٹرائلز لے چکے ہیں اور وزیر اعظم کے وژن کے مطابق لڑکیوں کے ٹرائلز بھی منعقد کیے گئے۔ عاطف رانا نے کہا کہ اب راولپنڈی کے باصلاحیت نوجوانوں کے ٹرائلز کے لیے ٹیم شہر میں آئے گی اور کوشش ہو گی کہ 14 اور 15 فروری کو ہی ٹرائلز مکمل کر لیے جائیں۔ انہوں نے بتایا کہ لاہور قلندرز کے برانڈ ایمبیسیڈر راولپنڈی کے ہر گلی محلے اور کلب میں جا کر نوجوانوں کو ٹرائلز میں شرکت کی دعوت دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ کوشش کی جائے گی کہ ان ٹرائلز میں سے کم از کم دو کھلاڑی پی ایس ایل میں شامل ہو سکیں جبکہ تمام مراحل میں میرٹ کو یقینی بنایا جائے۔