لاہور، 25 جنوری ( اے پی پی): وفاقی وزیرداخلہ اور چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی سے چین کے قونصل جنرل ژاو شیرین نے ملاقات کی ہے۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور پاک چین تعلقات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
محسن نقوی نے ژاو شیرین کی بطور چینی قونصل جنرل خدمات کو سراہتے ہوئے ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہا کیا۔
اس موقع پر چینی قونصل جنرل ژاو شیرین نے کہا کہ سب محسن نقوی کی غیر معمولی رفتارِ کار کے معترف ہیں اور انہوں نے پاک چین دوطرفہ تعلقات کے فروغ میں گراں قدر کردار ادا کیا ہے۔
ژاو شیرین کا کہنا تھا کہ محسن نقوی نے پہلے بطور وزیراعلیٰ پنجاب اور اب وفاقی وزیرداخلہ کی حیثیت سے پاک چین دوستی کو مضبوط بنانے کے لیے غیر معمولی کام کیا، جبکہ پاکستان میں ان کا قیام انتہائی خوشگوار رہا۔
محسن نقوی نے کہا کہ ژاو شیرین سے ان کا تعلق بھائیوں جیسا ہے جو آئندہ بھی برقرار رہے گا، جبکہ لاہور میں ان کی کمی ہمیشہ محسوس کی جائے گی۔ انہوں نے حالیہ دورۂ چین کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ چینی وزیر پبلک سیکیورٹی وانگ ژاو ہونگ سے ساڑھے تین گھنٹے طویل ملاقات انتہائی خوشگوار اور سودمند رہی، جس میں مشترکہ مفادات کے شعبوں میں تعاون کو مزید آگے بڑھانے پر اتفاق ہوا۔
محسن نقوی نے مزید کہا کہ وہ ستمبر میں دوبارہ چین کا دورہ کریں گے اور اپنے بھائی ژاو شیرین سے ملاقات کریں گے۔
ملاقات کے اختتام پر محسن نقوی نے چینی قونصل جنرل کو کھلاڑیوں کے دستخط شدہ بیٹ کا تحفہ دیا، جبکہ ژاو شیرین نے محسن نقوی کو چینی صدر شی جن پنگ کی کتاب بطور تحفہ پیش کی۔











