ملتان ایونیو پر تجاوزات کے خلاف سخت کارروائی کا حکم، تعمیراتی معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، کمشنر عامر کریم خاں

12

 

ملتان، 26 جنوری (اے پی پی): کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں نے ملتان ایونیو کا دورہ کیا اور جاری ترقیاتی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے ڈی جی ایم ڈی اے کو تجاوزات کے خلاف مؤثر اور فوری کارروائی کی ہدایت کی۔

کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ ملتان ایونیو کی تعمیر کے دوران سڑک اور سروس روڈ پر آنے والی بغیر منظور شدہ نقشہ تعمیر دکانوں کو فوری نوٹس جاری کیے جائیں۔ منظور شدہ نقشوں کے برعکس تعمیرات کرنے اور رائٹ آف وے نہ چھوڑنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ جن دکانوں نے رائٹ آف وے کا خیال رکھا ہے، ان کی تعمیرات سڑک سے مناسب فاصلے پر برقرار ہیں، تاہم رائٹ آف وے نہ چھوڑنے والی دکانوں کے باعث مستقبل میں سروس روڈ بند ہونے کا خدشہ ہے، جو کسی صورت قابل قبول نہیں۔

کمشنر نے غیر منظور شدہ تعمیرات کرنے والوں کو نقشے فوری طور پر منظور کرانے اور سیٹ بیک لازمی رکھنے کی ہدایت بھی کی۔ اس کے علاوہ ایکسین ہائی وے کو ملتان ایونیو کے فورتھ پیکج میں مینگو انکلیو بنانے کی ہدایت جاری کی گئی۔

کمشنر عامر کریم خاں نے واضح کیا کہ ملتان ایونیو شہر کی شناخت ہے اور اس کی تعمیراتی معیار میں کسی قسم کا سمجھوتہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔

دورے کے موقع پر ایس ای ہائی ویز غلام نبی، ایکسین حیدر علی، ایس ڈی او فاطمہ بھی موجود تھے، جنہوں نے کمشنر کو منصوبے بارے بریفنگ دی۔