پاکستان کی سفارتی کامیابی: عالمی عدالت میں فلسطین کے معاملے پر مقدمہ پاکستان کے حق میں، سینیٹر عابد شیر علی کی اے پی پی (وی این ایس )سےخصوصی گفتگو

11

اسلام آباد، 26 جنوری (اے پی پی):سینیٹر عابد شیر علی نے اے پی پی ویڈیو نیوز سروس سے خصوصی گفتگو میں غزہ امن بورڈ میں پاکستان کی شمولیت کے حوالے سے بات چیت کی اور کہا کہ پاکستان نے عالمی عدالت میں ایک اہم مقدمہ جیت لیا ہے۔ یہ مقدمہ فلسطین کے معاملے سے متعلق تھا، جس میں پاکستان نے فلسطینیوں کی نسل کشی کی روک تھام اور امن کے قیام کے لیے آواز اٹھائی تھی۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف اور چیف آف آرمی اسٹاف کی قیادت میں پاکستان نے اس مقدمے میں کامیابی حاصل کی ہے، جسے ملک کی سفارتی کامیابی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ اس کامیابی کے نتیجے میں پاکستان کے موقف کی عالمی سطح پر پذیرائی ہوئی ہے۔

پاکستان نے ہمیشہ فلسطین کے معاملے پر ایک اصولی موقف اپنایا ہے اور آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کا مطالبہ کیا ہے۔ اس مقدمے کی کامیابی پاکستان کی سفارتی کوششوں کا نتیجہ قرار دی جا رہی ہے۔

عابد شیر علی کا کہنا تھا کہ اس کامیابی پر وزیر اعظم شہباز شریف اور چیف آف آرمی اسٹاف کو خراج تحسین پیش کیا جا رہا ہے، جن کی قیادت میں پاکستان نے عالمی سطح پر اپنی پوزیشن مستحکم کی ہے۔