کمشنر عامر کریم خاں کا رات گئے نشتر ہسپتال ایمرجنسی کا اچانک دورہ، موبائل فون استعمال پر سخت ایکشن کا حکم

10

 ملتان،26 جنوری (اے پی پی): کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں نے رات گئے نشتر ہسپتال کی ایمرجنسی کا اچانک دورہ کیا اور مختلف شعبہ جات کا تفصیلی معائنہ کیا۔ دورے کے دوران کمشنر نے ایمرجنسی کے ٹرائی ایج ایریا، ایکس رے روم، مختلف وارڈز اور دیگر سہولیات کا جائزہ لیا۔

کمشنر عامر کریم خاں نے مریضوں اور تیمارداروں سے گفتگو کرتے ہوئے طبی سہولیات اور ادویات کی دستیابی کے بارے میں استفسار کیا۔ مریضوں نے ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے ادویات کی فراہمی پر اطمینان کا اظہار کیا۔

معائنے کے دوران کمشنر نے ایمرجنسی میں مجموعی صفائی کو تسلی بخش قرار دیا تاہم واش رومز میں صفائی مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے دورانِ ڈیوٹی موبائل فون استعمال کرنے والے ڈاکٹر کے خلاف کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی واضح ہدایات ہیں کہ دورانِ ڈیوٹی ڈاکٹرز موبائل فون استعمال نہیں کریں گے۔

کمشنر عامر کریم خاں نے ایمرجنسی اور ہسپتال کے تمام وارڈز میں موبائل فون کے استعمال پر پابندی سے متعلق نوٹس آویزاں کرنے اور ڈاکٹروں کے ناموں سمیت ڈیوٹی روسٹر نمایاں مقامات پر لگانے کی ہدایت بھی جاری کی۔

اس موقع پر انہوں نے بتایا کہ ایک روز میں نشتر ہسپتال ایمرجنسی میں 1040 مریض داخل اور زیرِ علاج آئے۔ کمشنر نے ایکس رے ریکارڈ باقاعدگی سے محفوظ رکھنے اور مریضوں کی سہولت کیلئے ایمرجنسی گیٹ کے اندر پارکنگ پر پابندی عائد کرنے کیلئے فوری انتظامی اقدامات کرنے کی بھی ہدایت کی۔