پاکستان اور میانمار کا سیاسی، تجارتی اور ثقافتی تعاون بڑھانے پر اتفاق

15

اسلام آباد ، 26 جنوری (اے پی پی ): پاکستان اور میانمار نے سیاسی، تجارتی، ثقافتی اور عوامی روابط سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے فروغ اور دیرینہ دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ہے۔

نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے میانمار کے وزیرِ خارجہ تھان سوی کے ہمراہ گفتگو میں کہا کہ دونوں ممالک نے سیاسی مشاورت کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے ہیں جس سے وزارتِ خارجہ کے درمیان باقاعدہ رابطہ اور مکالمہ ممکن ہوگا۔ انہوں نے تجارت، ثقافت، استعداد سازی اور قونصلر تعاون خصوصاً آن لائن فراڈ کے متاثرین کے معاملات میں تعاون بڑھانے پر بھی زور دیا۔

اسحاق ڈار نے تعلیمی روابط، نوجوانوں کے تبادلے اور ثقافتی سرگرمیوں کے ذریعے عوامی سطح پر تعلقات مضبوط بنانے کی اہمیت اجاگر کی اور پاکستان کے بدھ مت ورثے کو مذہبی سیاحت کے فروغ کا ذریعہ قرار دیا۔

میانمار کے وزیرِ خارجہ تھان سوی نے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات تاریخی بنیادوں پر قائم ہیں اور رواں برس سفارتی تعلقات کے 78 سال مکمل ہو رہے ہیں۔ انہوں نے تجارت، سرمایہ کاری اور توانائی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے، پاکستانی سرمایہ کاروں کو میانمار آنے کی دعوت اور کاروباری و عوامی روابط کے فروغ پر زور دیا۔